QR CodeQR Code

ایم ایم اے کی بحالی، مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) اصولی طور پر متفق ہو گئیں

24 Jul 2017 23:06

لاہور میں پروفیسر ساجد میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کی طرف سے دینی جماعتوں کے اتحاد کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ ملک میں دینی تشخص اور احیائے اسلام کی کوششوں کے تحت اس اتحاد کا ساتھ دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان ایم ایم اے کی بحالی پر اصولی طور اتفاق ہو گیا ہے۔ لاہور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر عبدالغفور حیدری اپنے وفد کے ہمراہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکز 106 راوی روڈ پہنچے، جہاں سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے 2 گھنٹے کی ملاقات اور مشاورت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیکولر بنانے کی کوشش ہورہی ہے، ہم اس کے آگے بند باندھنا چاہتے ہیں، بہت جلد قوم دینی جماعتوں کے اتحاد کی خوشخبری سنے گی، پروفیسر ساجد میر اور انکی جماعت پہلے بھی ایم ایم اے کا حصہ تھی اور اب بھی یہ ہمارا ساتھ دیں گے، ہماری کوشش ہے کہ دینی جماعتوں کے اس اتحاد کا وہ جماعتیں حصہ بنیں جو انتخابات میں حصہ لیتی ہیں اور پارلیمانی سیاست کرتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے ساتھ دینی جماعتوں کے ممکنہ اتحاد کا کوئی تعلق نہیں، ہم جماعت اسلامی، جمعیت علمائے پاکستان، جمعیت علمائے اسلام (س) اور تحریک جعفریہ کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ پروفیسر ساجد میر نے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کی طرف سے دینی جماعتوں کے اتحاد کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ ملک میں دینی تشخص اور احیائے اسلام کی کوششوں کے تحت اس اتحاد کا ساتھ دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 655851

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/655851/ایم-اے-کی-بحالی-مرکزی-جمعیت-اہل-حدیث-پاکستان-اور-علمائے-اسلام-ف-اصولی-طور-پر-متفق-ہو-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org