QR CodeQR Code

مشال خان قتل کیس کی سماعت ہری پور جیل میں ہوگی، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ

27 Jul 2017 21:01

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے آج صوبائی حکومت کیجانب سے ہری پور جیل میں وکلاء، مشال خان کے والد اور دیگر لوگوں کو سماعت کے دوران سکیورٹی فراہم کرنیکی یقین دہانی کیبعد فیصلہ سنایا، ساتھ ہی 15 دن کے اندر کیس کی سماعت شروع کرنیکے احکامات بھی جاری کئے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور ہائیکورٹ نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طالبعلم مشال خان قتل کیس کی سماعت ہری پور جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اب کیس کی سماعت ضلع ایبٹ آباد کے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی نگرانی میں ہوگی۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے آج صوبائی حکومت کی جانب سے ہری پور جیل میں وکلاء، مشال خان کے والد اور دیگر لوگوں کو سماعت کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد فیصلہ سنایا، عدالت میں مشال خان کے والد اقبال خان کی اپیل کی پیروی لطیف آفریدی ایڈووکیٹ نے کی۔ سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل راشد جان پیش ہوئے، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو محکمہ داخلہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی کہ کونسا ضلع سکیورٹی کے لحاظ سے سماعت کے لئے موزوں ہے، حکومت سکیورٹی کے لحاظ سے جس ضلعے کو بہتر سمجھے وہاں کیس منتقل کر دیں گے، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو حکومت کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایبٹ آباد ہری پور میں سکیورٹی فراہمی کی تحریری یقین دہانی کرا دی، تاہم پشاور ہائیکورٹ  نے کیس کی سماعت مردان کے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی بجائے ہری پور جیل میں کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

واضح رہے کہ مقتول مشال کے والد اقبال خان نے کیس کی سماعت مردان میں کئے جانے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا کہ کیس کی پیروی کرنے کے لئے انہیں مردان آنے جانے میں ملزمان کی جانب سے خطره ہے، لہٰذا کیس کو مردان سے دوسرے ضلعے منتقل کیا جائے، جس پر پشاور ہائیکورٹ میں فریقین کی جانب سے بحث ہوئی اور بعد ازاں عدالت نے صوبائی حکومت کی رائے لینے کے بعد سکیورٹی کی یقین دہانی پر کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت ایبٹ آباد ہری پور منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ فاضل بنچ نے کیس کی سماعت 15 دن کے اندر شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ یاد رہے کہ 13 اپریل 2017ء کو عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طالبعلم مشال خان کو ساتھی طلبہ اور یونیورسٹی ملازمین نے توہین رسالتﷺ کے الزام میں فائرنگ اور تشدد کرکے قتل کر دیا تھا، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مشال خان کو قتل کرنے کی شدید مذمت کی گئی، جبکہ پولیس نے مشال خان کے قتل میں ملوث 57 ملزموں میں سے 54 کو گرفتار کر لیا، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود کا کہنا ہے کہ مفرور 3 ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 656687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/656687/مشال-خان-قتل-کیس-کی-سماعت-ہری-پور-جیل-میں-ہوگی-پشاور-ہائیکورٹ-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org