0
Friday 28 Jul 2017 06:44

امریکی سینیٹ نے بھی روس، ایران اور شمالی کوریا کیخلاف نئی پابندیوں کی منظوری دیدی

امریکی سینیٹ نے بھی روس، ایران اور شمالی کوریا کیخلاف نئی پابندیوں کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ نے مخالف پالیسیوں کے دائرے میں ایران، روس اور شمالی کوریا پر پابندی کا بل منظور کر لیا ہے۔  ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوری ایران، روس اور شمالی کوریا پر پابندی کا بل امریکی سینٹ میں کل 2 مخالف اور 98 موافق ووٹوں سے منظور ہوا جبکہ منگل 25 جولائی کو امریکی ایوان نمائیندگان نے 419 ووٹوں سے ایران، روس اور شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کے بل کو منظور کیا تھا۔  ایران، روس اور شمالی کوریا پر پابندی کا بل امریکی سینیٹ میں ایسے میں منظور ہوا ہے کہ جب وائٹ ہاوس کے ڈائریکٹر برائے رابطہ امور اینٹونی اسکاراموچی نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممکن ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بل کو یا منظور کریں گے یا پھر اسے ویٹو کریں گے۔  امریکی ایوان نمائندگان سے ایران اور روس کے خلاف پاس ہونے والے بل پر ایران کے اسپیکر علی لاریجانی نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی بل دراصل پروپیگنڈہ مہم کا نتیجہ ہے اور امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق بل تیار ہوچکا ہے اور اس پر سنجیدگی سے کارروائی ہوگی۔  انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں پر اگر غور کیا جائے تو واضح اور شفاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد مزاحمتی فرنٹ کے خلاف امریکہ کی دشمنی ہے۔  انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے خلاف امریکی کانگریس کے گذشتہ روز کی نئی پابندیاں جوہری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدام اس کی ثبوت ہے کہ امریکہ دہشتگردی بحران کا خاتمہ نہیں چاہتا۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سینیٹ نے بھی روس، ایران اور شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کا بل منظور کر لیا ہے۔ بل کے حق میں 98 جبکہ مخالفت میں صرف 2 ووٹ آئے جبکہ حتمی منظوری کے لئے بل صدر ٹرمپ کو بھجوا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بل میں کہا گیا ہے کہ روس کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے پیش نظر اس پر پابندیاں سخت کی جائیں گی۔ بل میں یورپ کی ایسی کمپنیاں جو روس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، اس سے مستثنٰی ہوں گی۔ ادھر سینیٹ میں منظور شدہ بل میں ایران پر دہشت گردی کی حمایت کرنے اور شمالی کوریا کی جانب سے مسلسل میزائل تجربات کے نتیجے میں ان ممالک پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم بل حتمی منظوری کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ وائٹ ہائوس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ روس کے خلاف پابندیوں کی حمایت کرتی ہے، بل سینٹ سے پاس ہونے کے بعد صدر ٹرمپ اسے منظور کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 656953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش