0
Sunday 17 Apr 2011 00:34

کوہاٹ میں بارود سے بھری ایک اور گاڑی برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا

کوہاٹ میں بارود سے بھری ایک اور گاڑی برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا
کوہاٹ:اسلام ٹائمز۔کوہاٹ میں بارود سے بھری ایک اور گاڑی برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز ٹنل کے قریب بارود سے بھری پک اپ سمیت گرفتار تین مبینہ تخریب کاروں کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جن سے تحقیقاتی ادارے تفتیش کر رہی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح کوہاٹ پنڈی روڈ پر خوشحال گڑھ پل کے قریب گمبٹ پولیس کے اہلکاروں نے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران پنجاب کے ضلع چکوال سے بہادر خیل کرک جانے والی ایک پک اپ ڈاٹسن H.2547 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا اور اسکی باڈی سے1240 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بر آمد کر کے گاڑی میں سوار دو ملزمان مظہر حسین اور جابر ساکنان راولپنڈی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کا موقف ہے کہ وہ بارودی مواد ضلع چکوال کی ایرک کمپنی سے کرک کے علاقہ بہادر خیل میں نمک کی کانوں کیلئے پی ایم ڈی سی ایل کے باقاعدہ سرکاری اجازت نامہ کے تحت لے جا رہے تھے۔ تاہم مقامی پولیس حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ انکے پاس موجود دستاویزات زائد المیعاد اور نامکمل ہیں جسکی بناء پر اُنکو روکا گیا ہے اور مکمل تسلی و چھان بین کے بعد ہی مناسب قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
 دریں اثناء گزشتہ روز کوہاٹ انڈس ہائی وے پر پشاور جانیوالی بارود بھری پک اپ سے گرفتار تین مبینہ تخریب کاروں عمر نیاز، اکرام اللہ اور اختر نواز کو سخت سیکیورٹی حصار میں مقامی عدالت میں پیشی کیلئے لایا گیا، جہاں انہیں عدالتی حکم پر چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور بعد ازاں تینوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا جن سے تحقیقاتی ادارے تمام پہلوئوں پر تفتیش کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 65727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش