0
Sunday 17 Apr 2011 01:23

خیبر پختونخوا پولیس اہل کاروں اور عوام نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، سینیٹر فرحت عباس

خیبر پختونخوا پولیس اہل کاروں اور عوام نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، سینیٹر فرحت عباس
پشاور:اسلام ٹائمز۔پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر فرحت عباس نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے پولیس اہل کاروں اور عوام نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں جن پر آنے والی نسلیں ہمیشہ فخر کرتی رہیں گی۔ وہ بیگم شہاب الدین اسکول میں ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کی جانب سے خواتین والی بال اور ٹیبل ٹینس اکیڈمی کے قیام کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ سکول کی پرنسپل ریحانہ پروین، ملک سعد ٹرسٹ کے سیکرٹری امجد عزیز ملک، ضلعی کوارڈینیٹر نسیم جاوید مفتی اور ایڈمن افسر فدا محمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سینیٹر فرحت عباس نے کہا کہ شہید ملک سعد اور خیبر پختونخوا کے دیگر افسروں اور اہل کاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو مادر وطن کی خدمت کا موقع دیا ہے، جس جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ شہید ملک محمد سعد خان نہ صرف قابل تقلید پولیس افسر بلکہ ایک بہترین منتظم اور اسپورٹس مین تھے انہوں نے کھیلوں کی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دیں اور یہی وجہ کہ صوبے بھر کے کھیلوں کے حلقوں میں انہیں پذیرائی ملی۔ فرحت عباس نے کہا کہ ملک سعد میموریل اسپورٹس ٹرسٹ شہید ملک سعد کے مشن کی تکمیل کے لئے جو کام کر رہا ہے صوبے میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ ٹرسٹ نے گذشتہ برس مردوں کی 42 اسپورٹس اکیڈمیاں قائم کیں اور اب پشاور میں خواتین کھلاڑیوں کے لئے اکیڈمیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ اکیڈمیوں کے قیام سے صوبے کی خواتین کھلاڑیوں کو جہاں کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے وہیں انہیں صوبائی اور قومی سطح کی ٹیموں تک رسائی بھی ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک سعد کے نام سے منسوب ٹرسٹ صوبے بھر میں کھیلوں، تعلیم اور سحت کے شعبوں میں خدمات کا دائرہ کار مزید بڑھائے گا۔ انہوں نے اپنی جانب سے ٹرسٹ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ قبل ازیں بیگم شہاب الدین اسکول کی پرنسپل ریحانہ پروین نے کہا کہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام خواتین اکیڈمیوں کے قیام سے طالبات کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گی ان کے اسکول کی والی بال ٹیم نے ضلعی سطح کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم وسائل دستیاب ہوں تو دیگر کھیلوں میں بھی ان کی کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔ ریحانہ پروین نے والی بال اور ٹیبل ٹینس اکیڈمیاں کھولنے پر ملک سعد ٹرسٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں ٹرسٹ کے سیکرٹری امجد عزیز ملک نے ٹرسٹ کی کارکردگی اور سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ٹرسٹ کی جانب سے پچاس ہزار روپے مالیت کا سامان بیگم شہاب الدین اسکول میں قائم کی جانے والی اکیڈمیوں کے لئے عطیہ کیا جن مین دو ٹیبل بھی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ خواتین کھلاڑیوں کو ٹریک سوٹس اور مزید سامان بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسکول کی کسی طالبہ نے انٹرمیڈیٹ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی تو اسے ایک لاکھ روپے کا اسکالر شپ بھی دیا جائے گا۔ بعد ازاں سینیٹر فرحت عباس نے اکیڈمیوں کا باضابطہ افتتاح کیا اور کھلاڑیوں میں ٹرسٹ کی جانب سے دیا جانے والا سامان تقسیم کیا۔

خبر کا کوڈ : 65732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش