QR CodeQR Code

عمران خان کی سیاست صرف امپائر کے اشارے کے گرد گھومتی ہے، وقار مہدی

31 Jul 2017 17:55

اپنے بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ساری عدالتیں نواز شریف کے تمام ادوار میں بنائے گئے جھوٹے مقدمات سے آصف زرداری کو باعزت بری کر چکی ہیں، لیکن عمران خان کو ابھی اپنا حساب دینا ہے، عمران خان اپنی فکر کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ سیف الرحمان کی طرح ایک دن عمران خان آصف زرداری کے قدموں میں گر کر معافیاں مانگ رہے ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری کے خلاف ہرزہ سرائی پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پر آصف زرداری کا خوف طاری ہے اور 2018ء کے الیکشن میں عمران خان اپنی واضح نظر آتی ہوئی شکست فاش سے بوکھلا کر گھٹیا ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنے خلاف بنائے گئے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کا جس دلیری اور بہادری کے ساتھ 11 سال تک مقابلہ کیا ہے اور قید و بند کی صعوبتوں اور جسمانی تشدد کا سامنا کیا، وہ تاریخ کا انمول باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ساری عدالتیں نواز شریف کے تمام ادوار میں بنائے گئے جھوٹے مقدمات سے آصف زرداری کو باعزت بری کر چکی ہیں، لیکن عمران خان کو ابھی اپنا حساب دینا ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان اپنی فکر کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ سیف الرحمان کی طرح ایک دن عمران خان آصف زرداری کے قدموں میں گر کر معافیاں مانگ رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جدوجہد، قربانیوں اور شہادتوں سے عبارت ہے، جبکہ عمران خان کی سیاست صرف امپائر کے اشارے کے گرد گھومتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی منی ٹریل کے حوالے سے جتنے جھوٹ بولے ہیں، وہ جلد ہی عدالتوں میں بے نقاب ہو جائیں گے اور وہ کسی کو بھی منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 657597

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/657597/عمران-خان-کی-سیاست-صرف-امپائر-کے-اشارے-گرد-گھومتی-ہے-وقار-مہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org