QR CodeQR Code

ڈی آئی خان میں ہفتہ شہدائے پولیس کی تقریبات جاری

1 Aug 2017 12:01

31 جولائی سے ہفتہ شہدائے پولیس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، 4 اگست تک جاری رہنے والے اس ہفتہ شہداء کے دوران ڈی آئی خان میں مختلف قسم کی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ تقریب کے پہلے روز پولیس لائن میں پولیس کے افسران کیجانب سے عطیہ خون کا خصوصی کیمپ بھی لگایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا پولیس ہفتہ شہدائے پولیس منا رہی ہے، جس کی تقریبات کا آغاز ہفتہ کے روز سے ہوا۔ اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں عطیہ خون کا کیمپ بھی لگایا گیا، جس میں جوانوں کے ساتھ آر پی او نے بھی خون کا عطیہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق 31 جولائی بروز پیر سے ہفتہ شہدائے پولیس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ 4 اگست تک جاری رہنے والے اس ہفتہ شہداء کے دوران ڈی آئی خان میں مختلف قسم کی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پروگرامات کے تحت تھانہ جات کی سطح پر مساجد میں روزانہ کی بنیاد پر قرآن خوانی کی جائے گی، جبکہ اسی سلسلے میں آج پہلے روز پولیس لائن ڈی آئی خان میں پولیس کے افسران کی جانب سے عطیہ خون کا خصوصی کیمپ لگایا گیا۔ دیگر تقریبات میں آج بروز منگل شرقی سرکلر روڈ پر پولیس شہداء کی یادگار پر شہریوں کی جانب سے پھول چڑھائے جائیں گے اور اس دوران تاثرات کی کتاب میں عام شہری پولیس کے شہداء کے حوالے سے اپنے جذبات بھی تحریر کریں گے۔ بدھ کے روز ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال میں صبح 10 بجے ایک سیمنار منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شہدائے پولیس کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔ جمعرات اور جمعہ کے روز جی پی او چوک پر شہدائے پولیس کیمپ منعقد کیا جائے گا، جہاں دستخطی مہم کے ذریعے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے مشترکہ واک (جو مذکورہ کیمپ سے لے کر توپانوالہ چوک تک محدود ہوگی) منعقد کی جائے گی۔ 4 اگست کو صبح پولیس لائن ڈیرہ میں سیمینار ہوگا، جہاں شہدائے پولیس کے لواحقین میں تحائف تقسیم کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 657731

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/657731/ڈی-آئی-خان-میں-ہفتہ-شہدائے-پولیس-کی-تقریبات-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org