0
Wednesday 2 Aug 2017 13:14

عائشہ گلالئی کے ذاتی مفادات پورے نہ ہوئے تو وہ پارٹی کیخلاف کھڑی ہوگئیں، پرویز خٹک

عائشہ گلالئی کے ذاتی مفادات پورے نہ ہوئے تو وہ پارٹی کیخلاف کھڑی ہوگئیں، پرویز خٹک
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کا ذاتی ایجنڈا، مفادات اور مقاصد پورے نہیں ہوئے توہ پارٹی کے خلاف اُٹھ کھڑی ہوئی، عائشہ گلالئی کے حوالے سے میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے مگر میں نہیں بولتا، وہ میرے پاس 15 دن قبل این اے ون کا ٹکٹ مانگنے آئی تھیں۔ بدرشی میں جلسہ عام کے بعد میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بنوں کی خاتون کو پشاور این اے ون کا ٹکٹ کیسے دیتے؟ ٹکٹ نہ دینے پر وہ بلیک میلنگ پر اُتر آئی ہیں، میں نے اس کو کہا تھا کہ ٹکٹ کا اختیار پارلیمانی بورڈ اور قیادت کے پاس ہوتا ہے، ٹکٹ کا میرے ساتھ کیا واسطہ ہے، جب وقت آئے گا تو پارٹی قیادت ٹکٹوں کا فیصلے کرے گی۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ عائشہ گلالئی پرسوں عمران خان کے پاس بھی گئی تھی اور ان سے بھی این اے ون کا ٹکٹ مانگا، جس پر عمران خان نے اس سے کہا کہ جب پارلیمانی بورڈ فیصلہ کرے گا تو ٹکٹ کا فیصلہ ہوگا اور عمران خان نے اس کو ٹکٹ کے حوالے سے صاف انکار کر دیا، جس پر اس نے عمران خان کو بھی بلیک میل کیا اور کہا کہ اگر آپ مجھے این اے ون کا ٹکٹ نہیں دیتے تو میں پارٹی کو چھوڑ رہی ہوں۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے کہا لگتا ہے کہ عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ن) سے کچھ وصولی کرلی تھی، عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو بدنام کرنے کے لئے غلط اور من گھڑت الزامات لگائے، مجھے سب کچھ معلوم ہے کہ اس نے ایک خاص سوچ کے تحت یہ سارا ڈرامہ رچایا، وہ کیا چاہتی تھیں، میں اس پر بحث نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ گلالئی کو چاہیئے کہ وہ سچی بات بتائے کل کو اس نے اپنی قبر میں جواب دینا ہے، جھوٹے الزامات لگانے سے نہ تو عمران خان کو کچھ فرق پڑے گا اور نہ ہی پرویز خٹک کو۔
خبر کا کوڈ : 658039
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش