0
Wednesday 2 Aug 2017 16:34

نواز شریف کی نااہلی کیخلاف احتجاج جاری پنجاب مختلف شہروں میں ریلیاں

نواز شریف کی نااہلی کیخلاف احتجاج جاری پنجاب مختلف شہروں میں ریلیاں
اسلام ٹائمز۔ پانامہ کیس میں نواز شریف کی نااہلی کیخلاف گزشتہ روز بھی احتجاج جاری رہا، مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں کالج روڈ اقبال ٹاؤن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے اظہارِ یکجہتی کیلئے یونین کونسل 213 کے چیئرمین سہیل محمود بٹ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں نون لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شر کت کی اور نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی۔ حویلیاں میں وزیراعظم نواز شریف کے حق میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و مسلم لیگ نون کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ کارکن نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں، عمران خان وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ بہاولپور میں مسلم لیگ نون یوتھ ونگ کے زیر اہتمام نواز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی، جس میں سٹی میئر عقیل نجم ہاشمی، ڈپٹی میئر منیر اقبال چنڑ، سمیع اﷲ چودھری، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی طاہر جانباز نے خصوصی شرکت کی۔ رحیم یارخان میں نواز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع کونسل میں خواتین ممبران اور مسلم لیگ نون شعبہ خواتین کے زیراہتمام جناح ہال کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں چیئرمین اظہر لغاری نے بھی شرکت کی۔ ڈیرہ غازیخان میں مسلم لیگ نون کی ایم پی اے بیگم نجمہ ارشد کی رہائش گاہ پر نواز شریف کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح سرگودہا، ساہیوال اور فیصل آباد میں بھی نواز شریف کے حق میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 658125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش