QR CodeQR Code

تحقیقات کے نام پر مزاحمتی قائدین کا ٹارچر کیخلاف احتجاج کیا جائے، مشترکہ قیادت

5 Aug 2017 11:48

سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر کے مزاحمتی قائدین نے کہا کہ بھارتی ایجنسی اپنے ماسٹرس کے کہنے پر اس فرضی اور بے بنیاد کیس کو طول دیتے ہیں جس طرح ماضی میں یہ کرتے آئے ہیں، تاکہ ان کشمیریوں کی حق و صداقت پر مبنی جدوجہد کو اسلامی دہشتگردی یا پاکستان کے ساتھ جوڑا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی متحدہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فارق اور محمد یاسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گرفتار قائدین کو تحقیقات کے نام پر ذہنی ٹارچر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلٰی محبوبہ مفتی اور اس کی جماعت دباؤ اور انسداد کا مجسمہ بنی ہوئی ہے جس کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ متحدہ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ تحریکِ حقِ خودارادیت کے تئیں لوگوں کے تعاون سے خوفزدہ ہوکر اس خاتون نے پہلے ہر کوئی ظلم و غارتگری کا مظاہرہ کیا اور اب یہ NIA کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہی ہیں۔ متحدہ مزاحمتی قیادت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ محبوبہ مفتی اپنے دہلی میں بیٹھے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے یہاں کی حقیقی آواز کو دبانا چاہتی ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

مقبوضہ کشمیر کے مزاحمتی قائدین نے کہا کہ بھارتی ایجنسی اپنے ماسٹرس کے کہنے پر اس فرضی اور بے بنیاد کیس کو طول دیتے ہیں جس طرح ماضی میں یہ کرتے آئے ہیں، تاکہ ان کشمیریوں کی حق و صداقت پر مبنی جدوجہد کو اسلامی دہشتگردی یا پاکستان کے ساتھ جوڑا جائے۔ قیادت نے شبیر احمد شاہ کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ عدالت میں پیش آیا ہوا واقع بھارتی حکمرانوں کی فسطائیت کی کھلی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالتوں میں بھی جن سنگھیوں کا راج چلتا ہے جس کی وجہ سے ان قائدین کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔

سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پُرامن احتجاج کرنے والوں کو براہِ راست فائرنگ اور پیلٹ چلائے جاتے ہیں، جس سے ہماری نئی نسل نہ صرف مقبروں کے حوالے کی جاتی ہے، بلکہ عمر بھر کے لیے ناکارہ بھی بنائی جاتی ہے۔ آزادی پسند راہنماؤں نے کل شام تحریک حریت کے ضلعی دفتر مائسمہ پر بغیر وردی اور وردی پوش نامعلوم افراد کے ذریعے وہاں خوف و دہشت کا ماحول قائم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ مشترکہ قیادت نے آج یعنی 5 اگست کو بعد نماز ظہر کشمیریوں کے قتلِ عام اور NIA اور دوسری ایجنسیوں کی طرف سے نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں پر احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 658673

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/658673/تحقیقات-کے-نام-پر-مزاحمتی-قائدین-کا-ٹارچر-کیخلاف-احتجاج-کیا-جائے-مشترکہ-قیادت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org