0
Saturday 5 Aug 2017 23:42

ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری، کراچی پولیس چیف کے دعوے کو آئی جی سندھ نے رد کر دیا

ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری، کراچی پولیس چیف کے دعوے کو آئی جی سندھ نے رد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے گارڈن ہیڈ کوارٹر میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس کے اہلکار محمد خان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی گرفتاری اور چھینے جانے والے اسلحے کی برآمدگی سے متعلق ایسا انکشاف کر دیا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ان کے اس بیان کی سختی سے تردید کرنا پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف کی جانب سے اتنے اہم واقعہ میں ملزمان کی گرفتاری اور اسلحے کی برآمدگی کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بحیثیت کراچی پولیس چیف کتنے باخبر ہیں، جبکہ انھوں نے ملزمان کی گرفتاری کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے کھاتے میں بھی ڈال دی۔ غلام قادر تھیبو کے اس بیان کی اطلاع ملتے ہی آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ان کے اس بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ملوث کوئی ملزم گرفتار ہوا اور نہ ہی چھینا گیا اسلحہ برآمد ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان جیسے ہی گرفتار ہونگے تو میڈیا کو اس سے آگاہ کیا جائیگا۔

کراچی پولیس چیف کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتاری کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ ثنا اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے کچھ بھی بتانا قبل از وقت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بارے میں نہیں معلوم کہ کراچی پولیس چیف نے ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ برآمدگی سے متعلق بیان کن معلومات کی بنیاد پر دیا ہے۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھبیو اپنی جانب سے دیئے جانے والے بیان سے مکر گے ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پولیس پر کیے جانے والے حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس اقدامات اٹھا رہی ہے، مذکورہ کیس پر پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل جاری ہے، تاہم اب تک کوئی گرفتاری یا اسلحہ برآمدی نہیں ہوئی۔ ترجمان کے مطابق کراچی پولیس چیف نے کہا ہے کہ پولیس کلنگز میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یا اسلحہ برآمدی کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں ایسے بیانات سے ملزمان فائدہ اٹھاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 658835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش