0
Sunday 6 Aug 2017 14:36

این سی اور پی ڈی پی حکومتوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے، عمر عبداللہ

این سی اور پی ڈی پی حکومتوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے، عمر عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کی سابق حکومت اور موجودہ پی ڈی پی بھاجپا دورِ حکومت کے دوران ریاست کے حالات میں زمین آسمان کا فرق قرار دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ اِس وقت کشمیر میں ہر چہار سو بے چینی اور غیر یقینیت چھائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ عدم تحفظ کے شکار ہیں جبکہ جنوری 2015ء سے قبل یہاں کے حالات بالکل مختلف تھے، لوگ چین و سکون کی زندگی گزار رہے تھے، تعمیر و ترقی، سیاحت اور کاروباری و تجارتی سرگرمیاں عروج پر تھیں، سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود بھی حکومت نے لوگوں کے اشتراک سے جنگی بنیادوں پر حالات و معاملات پٹری پر لایا۔ ان باتوں کا اظہار این سی کے صدر عمر عبداللہ نے کپوارہ اور پلوامہ کے عہدیداروں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہماری حکومت نے امن و امان کی بحالی اور ریاست کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بہت محنت کی لیکن پی ڈی پی بھاجپا مخلوط حکومت نے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی ہر ایک معاملے میں ریاست کا بیڑا غرق کردیا۔ آج کے حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، غیر یقینیت اور بے چینی کے ماحول میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، تعمیر و ترقی کا فقدان ہے، اقرباء پروری اور اقربا نوازی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ میں سیاست مکمل طور پر سرایت کر گئی ہے جبکہ نوکریوں کی فراہمی بھی سیاست کی نذر ہوگئی ہے، مستحق اُمیدواروں پر شب خون مارا جارہا ہے، پبلک سروس کمیشن اور سروس سلیکشن بورڈ کی دھجیاں اُڑا دی گئیں ہیں، ہر ایک کام سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر ہورہا ہے جبکہ عام آدمی کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ پی ڈی پی نے آر ایس ایس کو جموں و کشمیر میں پیلٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں آپسی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو بری بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 658966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش