0
Sunday 6 Aug 2017 23:42

آج ملک کو تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، آئندہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، پرویز مشرف

آج ملک کو تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، آئندہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، پرویز مشرف
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے سبب پاکستان عالمی طور پر دنیا میں تنہا ہوگیا ہے، بھارت کے پاکستان کے لئے خطرناک ترین عزائم ہیں، ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور پاکستان کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، آج ملک کو تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، اے پی ایم ایل آئندہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرے گی، مہاجر تین دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ہیں، میرے لئے تینوں دھڑے برابر ہیں لیکن سب کی سوچ پاکستان کے لئے ہونی چاہیئے، میں کسی دھڑے کے ساتھ نہیں ہوں۔ انہوں نے جلد وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان جلد کروں گا، مقدمات سے گھبرانے والا نہیں، عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ میں اے پی ایم ایل کراچی ڈویژن کے تحت منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، یہاں تمام قومیتوں کے لوگ آباد ہیں، یہ قائداعظم کا شہر ہے، کراچی میں پٹھان، پنجابی، سندھی، سرائیکی، بلوچی، مہاجر سمیت تمام قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں، کراچی ہی اصل پاکستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے کراچی کی صورت حال دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، آج یہ شہر تباہ حال ہوگیا ہے، ہماری دور میں کراچی میں اصل ترقی ہوئی، ہمارے دور حکومت میں کوریڈور I، کوریڈور II، اور کوریڈور III، عسکری پارک، لیاری ایکسپریس وے، ناردرن بائی پاس اور دیگر میگا منصوبے مکمل کئے گئے، ہمارے زمانے میں اس شہر نے اصل ترقی کی، میں نے ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، ایم کیو ایم کے اس وقت کے ناظم مصطفیٰ کمال نے اچھا کام کیا لیکن آج کراچی تباہ حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کی سیاست قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاکستان کی بنیاد پر ہے، ہمارا ملک قومیتوں میں بٹ گیا ہے، ہماری پہچان صرف پاکستان سے ہوتی ہے، آل پاکستان مسلم لیگ پاکستانیت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر صرف مہاجروں کا شہر نہیں بلکہ سب کا شہر ہے، آج مہاجر مختلف گھروں میں تقسیم ہوگئے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان بن گئی ہے، ایم کیو ایم لندن بن گئی ہے، پاک سرزمین بن گئی ہے، میرے لئے تینوں دھڑے برابر ہیں، میں کسی ایک دھڑے کی حمایت نہیں کرتا، میں چاہتا ہوں کہ ایم کیو ایم لندن، پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی مل جائیں، سب پاکستان کی بات کریں، آج سے پاکستانیت کا سفر شروع کیا جائے، تمام پنجابی، پٹھان، مہاجر، سندھی، بلوچی تمام قومیتوں کے لوگ ایک ہوجائیں اور سب کا ایک ہی نعرہ ہونا چاہیئے سب سے پہلے پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی صورت حال تشویشناک ہے، ملک کی حالت اچھی نہیں ہے، ملک کا معاشی نظام تباہ ہوگیا ہے، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے، لیکن کرپشن، رشوت خوری، اقرباء پروری نے ملک کی معاشی حالت کو تباہ کردیا ہے، آج ملک میں سیاسی بحران بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان کے لئے بہت خطرناک عزائم ہیں، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے سبب آج پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہوگیا ہے، اب ملک میں تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، آج کے جلسے سے ملک میں پاکستانیت کا پیغام عام کیا جارہا ہے، آل پاکستان مسلم لیگ کسی صوبے کی نہیں بلکہ پاکستان کی جماعت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میں فوجی ہوں، میں نے دو جنگیں لڑی ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے بڑے مسائل ہوئے لیکن آج افواج پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حالات سے گھبرانے والا نہیں، میں جلد وطن واپس آؤں گا اور اے پی ایم ایل آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے حصہ لے گی۔ انہوں نے جلسے میں شریک لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانیت کا درس پورے ملک میں عام کریں۔ انہوں نے شاندار انتظامات پر اے پی ایم ایل کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 659092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش