0
Monday 7 Aug 2017 19:13

پاراچنار میں صفائی مہم زور و شور سے جاری

پاراچنار میں صفائی مہم زور و شور سے جاری
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں پاک فوج اور عوام نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شلوزان ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں قبائلی عمائدین اور مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر اختر علیم نے کہا کہ پاراچنار کی خوبصورتی کو دیکھ کر خوشی ہوئی، یہ حقیقت ہے کہ قدرت نے پاراچنار کو بے مثال خوبصورتی بخشی ہے، اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ اس خوبصورتی کو چار چاند لگانے کےلئے پاراچنار کو صاف ستھرا رکھیں، پاک فوج اور پاراچنار کی عوام مل کر اس عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ کمانڈر بریگیڈیئر اختر علیم نے عوام خصوصاً تاجر برادری کی توجہ شہر کی صفائی کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ دکاندار گندگی سڑکوں اور نالوں میں پھینکنے کی بجائے شاپنگ بیگز میں جمع کریں اور بعد میں صفائی عملہ یہ گندگی ان کے دکانوں کے سامنے سے اٹھا کر لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار شہر میں پانی کی کمی کا مسئلہ سنجیدگی سے حل کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کهڑے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پاراچنار شہر کو خوبصورت بنانے کےلئے وہ اپنا کردار ادا کریں اور بے جا کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔ تقریب کے بعد شہر میں باقاعدہ صفائی مہم کا آغاز کیا گیا جس میں پولیٹیکل ایجنٹ کرم بصیر خان وزیر، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر کرم اکبر افتخار اور میونسپل کمیٹی کے چیف تنزیل حسین، پاک آرمی کے آفسران، قبائلی عمائدین، طالب علموں اور مختلف سماجی تنظیموں کے ارکان نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سماجی کارکن اشتر علی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ہر محاذ پر فورسز کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ اسکول کے ایک طالب کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہو رہی ہے کہ فورسز کے ساتھ مل کر اپنے شہر کو صاف ستھرا بنا رہے ہیں اور وہ اس عمل میں بھرپور حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ یہ صفائی مہم پورے ہفتے جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 659303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش