0
Monday 18 Apr 2011 01:05

ڈرون حملے زرداری حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں، رانا ثناءاللہ

ڈرون حملے زرداری حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں، رانا ثناءاللہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو کو تاریخ کی عدالت بری کر چکی ہے، اب ان کو دنیاوی عدالت کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی بھٹو شہید اور بے نظیر کے نام پر ووٹ لے چکی ہے، قوم کو جذباتی کرنے کیلئے بھٹو کیس ری اوپن کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) دو چھٹیوں کے حق میں نہیں، اس سے مزدوروں کے لئے مزید مسائل پیدا ہوتے ہیں، ڈرون حملے زرداری حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں، دہشت گردی کی آڑ میں بے گناہوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کو تاریخ کی عدالت بری کر چکی ہے اور اب انہیں کسی دنیاوی عدالت کی ضرورت نہیں، موجودہ حکومت کا بھٹو کیس ریفرنس دائر کرنا بدنیتی پر مبنی ہے، پی پی پی دو بار بھٹو شہید اور ایک بار  بے نظیر بھٹو کے نام پر ووٹ لے چکی ہے اور ہر دور میں ملک کو جی بھر کے لوٹتی رہی،اب انکے پاس کوئی اور بہانہ نہیں تھا جس کے باعث قوم کو جذباتی کرنے کیلئے بھٹو کیس اوپن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو کیس کے وکیل کا اس دور میں پی پی پی سے دور دور کا بھی کوئی ناتا نہ تھا اور وہ مٹھائیاں بانٹنے والوں میں شامل تھے۔ صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں دو چھٹیوں کے حق میں نہیں کیونکہ اس سے غریب دیہاڑی داروں کیلئے مزید مسائل پیدا ہونگے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں تھانہ کلچر میں تبدیلی لائی جا رہی ہے اور ایف آئی آر کے اندراج کا طریقہ کار بھی تبدیل کیا جا رہا ہے، تفتیش کو شفاف بنانے کیلئے بھی طریقہ کار لایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون حملے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں شروع ہوئے اور موجودہ حکومت نے اسی فیصلے کی توثیق کی اور اب یہ زرداری کی اجازت سے ہو رہے ہیں، دہشت گردی کی آڑ میں بے گناہ مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے لیکن دہشت گردی تو تین سال میں بھی ختم نہ ہو سکی۔
خبر کا کوڈ : 65941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش