QR CodeQR Code

پی آئی اے اور اسٹیل ملز کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، حلیم عادل شیخ

9 Aug 2017 01:19

عادل ہاوس میں ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم اسٹیل مل کو چلائیں گے اور مزدور کے گھر کا چولہا بھی ہماری محنت سے جلے گا، ہم نے نواز شریف کو بھی گھر بھجوا دیا یہ لوگ بھی اپنی تیاری کریں، اسٹیل ملز کے افسران ہماری سی بی اے سے زیادتی کر رہے ہیں انہیں جیل بھجوائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ن لیگ اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ہے، اداروں کو کمزور کرکے شریفوں کی حکومت اپنے کاروبار کو فائدہ پہنچا رہی ہے، اسٹیل مل میں سی او شمسی حسن اور جی ایم سیکیورٹی رضا راجپر کرپشن کا بازار سرگرم کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔ عادل ہاوس میں پی ٹی آئی کے نائب صدر سندھ ڈاکٹر مسرور سیال، مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکٹری جمال صدیقی، انصاف لیبر یونین رہنماء یاسین جامڑو، پی آئی اے یونین رہنماء عبدالصبور شاہ، سرور نیازی، عبدالرسول بلالی اور دیگر بھی موجود تھے۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک میں ناانصافیوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، اس وقت صرف دو ہی اپوزیشن نظر آرہی ہیں ایک تحریک انصاف دوسری میڈیا، باقی جو خود کو اپوزیشن کہہ رہے وہ اس نورا کشتی میں حکمرانوں کے ساتھ ہی ہیں، کوئی ووٹ دیکر تو کوئی خفیہ ڈیل کرکے اپنی حیثیت ختم کرلیتا ہے، اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلوں کی توہین کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل کے نااہل حکمرانوں نے ٹھان لی ہے کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل کو تباہ کرنا ہے، اسٹیل مل میں پیپلز پارٹی نے 20 سال سے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار سرگرم کیا ہوا تھا، اس ظلم اور کرپشن کے نظام کو ہم نے توڑا اور الیکشن کے ذریعے پی ٹی آئی کی انصاف لیبر یونین نے کامیابی حاصل کی اور یہ کامیابی حاصل کرنا شاید ہمارے لئے گناہ بن گیا، کیوں کہ اس وقت ہماری یونین کے خلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 659646

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/659646/پی-آئی-اے-اور-اسٹیل-ملز-کو-تباہ-کرنے-کی-سازش-جارہی-ہے-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org