0
Wednesday 9 Aug 2017 01:36

ایم کیو ایم کے سیاسی دفاتر کو دوبارہ کھولنے کی اجازت انتہائی خطرناک عمل ہے، سینیٹر شاہی سید

ایم کیو ایم کے سیاسی دفاتر کو دوبارہ کھولنے کی اجازت انتہائی خطرناک عمل ہے، سینیٹر شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو ووٹ دینے کے صلے میں شہر میں گرائے جانے والے  ایم کیو ایم کے غیر قانونی سیاسی دفاتر کو دوبارہ کھولنے کی اجازت انتہائی خطرناک عمل ہے، کراچی کا امن طویل کوششوں کے بعد بحال ہوا ہے ،ہمارے لئے شہر کے امن سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کئی برسوں کی جدوجہد اور بے پناہ قربانیوں کی بدولت کراچی میں امن قائم ہوا ہے، حکومتی اراضی، پبلک مقامات اور سرکاری اداروں میں سیاسی دفاتر کو مسمار اور بند کئے جانے کے عمل کا تمام جماعتوں اور سول سوسائٹی اور کاروباری طبقے نے خیر مقدم کیا تھا، مسمار کئے گئے سیاسی دفاتر کی دہشت گردی کے واقعات میں استعمال ہونے کی درجنوں جے آئی ٹی رپورٹس موجود ہیں، غیر قانونی دفاتر کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دیکر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کیا پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے، تخت اسلام آباد کی ضمانت پر شہر کے امن کو داؤ پر لگانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، ہم نے شہر میں قیام امن کے لئے کوششوں پر وفاقی حکومت کے کردار کو ہمیشہ سراہا ہے، وفاقی حکومت جواب دے یا تو غیر قانونی دفاتر کو گرانے کا عمل غلط تھا یا آج انہیں کھولنے کی اجازت، وفاقی حکومت اپنے دور حکومت کے اہم سنگ میل پر پانی پھیرنے جارہی ہے۔

باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں سینیٹر شاہی سیدنے مزید کہا ہے کہ کیا وفاقی حکومت ملک کو گالیاں دینے والوں کو دوبارہ شہر میں سیاسی دفاتر کھولنے کی اجازت دینا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی سیاسی دفاتر کھولنے کے عمل پر صوبائی حکومت کی خاموشی انتہائی معنی خیز ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے اپنا موقف واضح کرے اور اس گھناؤنے عمل کی روکھ تھام کے لئے فی الفور اقدامات کرے، شاہی سید نے کہا کہ ادھورے آپریشن اور اقتدار کی سودے بازیوں کی بناء پر کراچی تین دہائیوں تک بدامنی کی آگ میں جلتا رہا ہے، آج اگر یہ عمل دہرایا گیا تو شہر میں ناقابل تصور خطرناک حالات پید ا ہوں گے، ضرورت اس امر کی ہے کہ جاری آپریشن کو منطقی انجام تک جاری رکھا جائے اور اسے مصلحتوں اور مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 659647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش