اسلام ٹائمز۔ دہشت گردوں کے کیساتھ لڑائی کے دوران اپر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں شہید ہونے والے میجر علی سلمان اور حوالدار اختر علی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس کے بعد میتوں کو آبائی شہر روانہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر علی سلمان اور حوالدار اختر علی کی نماز جنازہ کور ہیڈ کواٹر پشاور میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، آئی جی خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری و دیگر نے شرکت ک۔ میجر علی سلمان اور حوالدار اختر علی کا تعلق لاہور سے ہے۔ یاد رہے گذشتہ رات سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں میجر علی سلمان سمیت 4 جوان شہید ہوئے جبکہ 1 دہشت گرد فائرنگ سے ہلاک ہوا۔