0
Thursday 10 Aug 2017 09:21

کامیاب مذاکرات کے باوجود ایل او سی تجارت بحال نہ ہو سکی

کامیاب مذاکرات کے باوجود ایل او سی تجارت بحال نہ ہو سکی
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کی تاجر برادری اور ٹرک ڈرائیورز کی اکثریت کی جانب سے خدشات کی بنا پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں اطراف تجارت بحال نہیں ہو سکی۔ رواں ماہ 3 اگست کو آزاد جموں و کشمیر اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے درمیان 2 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں دونوں اطراف سے 21 جولائی سے بند تجارت کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ایل او سی کے دونوں اطراف چکوٹھی-اڑی کے چیک پوائنٹ سے اجناس کے تبادلے کے تحت ہونے والی تجارت گذشتہ ماہ سے بند ہے۔

بھارتی حکام نے الزام لگایا تھا کہ آزاد کشمیر سے آنے والے اجناس سے بھرے ٹرک سے بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی، جس کے بعد سے اجناس کی تجارت معطل کر دی گئی تھی۔ اجناس کا مذکورہ کنسائنمنٹ مظفر آباد میں انجم زمان نامی تاجر نے بھجوایا تھا جو بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں 'کولو سپلائرز' کے نام سے مشہور ہے۔ بھارتی حکام نے ٹرک کو قبضے میں لے کر ٹرک ڈرائیور سید یوسف شاہ کو گرفتار کرلیا تھا جس کا تعلق مظفر آباد کے قریبی گاؤں چاروایا سے ہے۔

دونوں جانب کے حکام کے مذاکرات کے بعد فیصلے کے مطابق منگل (8 اگست) کو کنسائنمنٹ بھارت کے زیر انتظام کشمیر جانا تھا لیکن کچھ تاجر اور ٹرک ڈرائیورز نے مظاہرہ کرنے کی دھمکی دے دی۔ ٹرک ڈرائیوروں کے نمائندگان نے دھمکی دی کہ جب تک آزاد کشمیر حکام بھارت میں گرفتار کیے جانے والے ٹرک ڈرائیور کو بازیاب نہیں کرواتے تب تک دونوں علاقوں کے درمیان تجارت بحال نہیں ہو گی۔

ٹرک ڈرائیورز کے ایک رہنما گلزار شاہ نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم تجارت کی بحالی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر مظاہرہ کریں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے اجناس سے بھرے 4 ٹرک چکوٹھی-اڑی چیک پوائنٹ پہنچے جنہیں وہیں سے واپس لوٹا دیا گیا تھا۔ آزاد جموں و کشمیر کی ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی (ٹاٹا) کے ڈائریکٹر کرنل ریٹائر محمد شاہد کا کہنا تھا کے بھارت کے زیرانتظام کشمیر سے آنے والا کنسائمنٹ اس کمپنی کے لیے تھا جس کو آزاد کشمیر حکام نے بھارت کی جانب سے الزامات کے بعد بند کر دیا تھا۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ آزاد جموں کشمیر حکام نے مذکورہ کمپنی سے تعلق رکھنے والی تمام کمپنیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 659986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش