0
Friday 11 Aug 2017 22:18

باجوڑ ایجنسی چہارمنگ میں بم دھماکہ 4 افراد جاں بحق، 25 زخمی

باجوڑ ایجنسی چہارمنگ میں بم دھماکہ 4 افراد جاں بحق، 25 زخمی
اسلام ٹائمز۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل چہار منگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے ہیں۔ ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ محمد علی خان کے مطابق آج چہار منگ کے علاقے مٹاک میں ایک ٹرک مزدوروں کو پاک افغان بارڈر پر خار دار باڑ لگانے کےلئے لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران پہلے سے سڑک کے کنارے نصب شدہ بارودی مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار مزدوروں میں سے 3 موقع پر دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا، وہاں موجود ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ نازک حالت کے پیش نظر بعض زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق بم دیسی ساختہ تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بلاسٹ کیا گیا۔ ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ باجوڑ سے ملحق افغانستان کے سرحدی صوبے کنڑ میں ان عسکریت پسندوں نے پناہ گاہیں قائم کی ہوئی ہیں جو پاکستانی علاقے میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے باعث سرحد پار کر گئے ہیں۔ یہ عسکریت پسند وقتاً فوقتاً باجوڑ اور ملحقہ مہمند ایجنسی کے علاوہ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں سکیورٹی فورسز، حکومت کے وفادار قبائل اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کےلئے پاکستانی فوج مختلف مقامات پر چوکیاں تعمیر کر رہی ہے جبکہ سرحدی گزر گاہوں کے دونوں جانب باڑ بھی لگائی جا رہی ہے تاکہ سرحد پار غیر قانونی آمد و رفت کو روکا جاسکے۔ یاد رہے کہ افغانستان کی حکومت کو سرحد پر باڑ لگانے کے پاکستان کے فیصلے پر سخت تحفظات ہیں اور وہ اس کی شدید مخالفت کرتی رہی ہے۔ باڑ لگانے کے مسئلے پر دونوں ملکوں کے سرحدی محافظوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 660297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش