0
Saturday 12 Aug 2017 16:01

ڈی آئی خان، دہشتگردی کے سانحہ میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

ڈی آئی خان، دہشتگردی کے سانحہ میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ان کے آبادی علاقوں میں بھی ادا کردی گئی ہے۔ قبل ازیں دونوں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن ڈیرہ میں ادا کی گئی، جس میں اسٹیشن کمانڈر، ڈی پی او، آر پی او سمیت دیگر اعلٰی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید اہلکاروں کو پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی جبکہ کمشنر نے ان کی میت پہ پھول چڑھائے۔ دوسری جانب کوٹلی امام حسین (ع) میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے پولیس اہلکار سید ناصر عباس شاہ ولد حسنی شاہ سکنہ سگڑی متوالہ شاہ اور سید علی عمار ولد یاسر شاہ سکنہ کاٹھگڑھ کے قتل کی رپورٹ سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ اور قتل کی دفعہ کے تحت درج کی ہے۔ سرکاری اعزاز کے ساتھ دونوں پولیس اہلکاروں کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں بھجوائے گئے۔ کاٹھ گڑھ میں شہید سید عمار یاسر کی نماز جنازہ کے بعد ایس یو سی کے مرکزی نائب علامہ محمد رمضان توقیر نے شرکاء جنازہ سے خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں ہونے والے سانحات کے مجرموں کو گرفتار کیا جاتا، اور دہشت گرد تنظیموں سے رو رعایت نہ برتی جاتی تو کوٹلی امام حسین (ع) میں یہ افسوسناک واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تشیع اور پاکستان دونوں کے مشترکہ دشمن ہیں۔ محرم سے قبل اور جشن آزادی کے موقع پر دو تشیع پولیس اہلکاروں کو بیدردی سے نشانہ بناکر دہشتگردوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ امن کو سبوتاژ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، اب انتظامیہ و اداروں پہ منحصر ہے کہ وہ ان بے لگام درندوں کو لگام ڈالتے ہیں یا اب بھی مصلحت پسندانہ اور نام نہاد بیلنس پالیسی پہ ہی عمل پیرا رہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 660614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش