0
Friday 12 Jun 2009 11:22

دہشتگردوں کے زیر استعمال مدرسہ پر بمباری،31 ہلاک،بنوں ،وزیرستان ،سوات میں 76 جنگجو ہلاک،10 اہلکار شہید

دہشتگردوں کے زیر استعمال مدرسہ پر بمباری،31 ہلاک،بنوں ،وزیرستان ،سوات میں 76 جنگجو ہلاک،10 اہلکار شہید
پشاور،راولپنڈی: ہنگو میں دہشتگردوں کے زیر استعمال مدرسے پر جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بنوں، جنوبی وزیرستان، سوات اور مالاکنڈ کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن راہ راست میں مزید پیش رفت کرتے ہوئے 76 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ جھڑپوں میں 10اہلکار بھی شہید ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں سے ہنگو کے علاقے میں دہشتگردوں کے زیر استعمال مدرسے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اہم عسکریت پسند کمانڈر محمد امین سمیت 31 شدت پسند ہلاک اور 26زخمی ہو گئے۔ جبکہ آئی ایس پی آر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ہنگو میں مدرسوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری کی وضاحت کرتے ہوئے خبر کو من گھڑت اور پروپیگنڈہ پر مبنی قرار دیا ہے۔ ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی کہ کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے سے قبل انتہائی سوچ و بچار اور مصدقہ اطلاعات کی بناء پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی پریس ریلیز میں ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شاہو خیل اورکزئی ایجنسی میں قائم مدرسے کو دہشت گرد اور دوسرے شر پسند عناصر، سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کر رہے تھے یہ جگہ فرقہ وارانہ فسادات اور اغواء برائے تاوان میں ملوث شر پسندوں کی بھی کمین گاہ تھی یہ بھی مصدقہ اطلاعات ہیں کہ یہاں پر معصوم اور بے گناہ انسانوں کو ذبح کیا جاتا تھا۔ حملہ کے وقت بھی اس مرکز پر 40 دہشت گرد موجود تھے جن میں سے 13 ہلاک ہو چکے ہیں جس کی مقامی ذرائع اور سول انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے۔ادھر دیر کے شتکاس اور غازی گئی دیہات میں مقامی لشکر کی کارروائی جاری ہے۔ لشکر نے دہشت گردوں کے تین بنکروں اور کمین گاہوں سمیت ایمونیشن کے ایک ذخیرہ کو تباہ کر دیا۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر سے جاری آپریشن راہ راست کی تفصیلات کے مطابق ایف آر بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے کوٹھہ سیف الله اور سارا بنگال کو محفوظ بنا لیا۔ دہشت گردوں نے بنوں شہر پر دو راکٹ فائر کئے جس کے نتیجہ میں ایک شہری جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ سارا بنگال میں سرچ آپریشن کے دوران 34 دہشت گرد ہلاک اور تین کو گرفتار کر لیا گیا۔ زندی خان کو محفوظ بنانے کیلئے فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ جنوبی وزیرستان میں گذشتہ رات 400 دہشت گردوں نے سپلاتوئی اور جنڈولہ قلعہ پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں 10 فوجی جام شہادت نوش کر گئے جبکہ 5دیگر زخمی ہوئے۔ اس دوران 22 دہشت گرد ہلاک اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے۔ سوات میں سیکورٹی فورسز کبل کے محفوظ بنائے جانے والے مقامات پر اپنی پوزیشن مستحکم بنا رہی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں تین فوجی زخمی ہوئے۔ پیوچار کے علاقہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک فوجی زخمی ہوا جبکہ 20 دہشت گرد ہلاک اور 6 گرفتار کر لئے گئے۔ مزید براں متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وادیٴ سوات میں پھنسے ہوئے لوگوں میں تین ٹرک امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ پاک فوج کی مدد سے مینگورہ تک بجلی کی اہم ترسیلی لائن کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ 

خبر کا کوڈ : 6607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش