0
Monday 14 Aug 2017 08:07

آج پاکستان کا 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

آج پاکستان کا 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی قوم آج 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منا رہی ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی، یکجہتی،امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پرچم کشائی  کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہائوس کی بجائے کنونشن سینٹر میں ہوگی، وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق تقریب کا مقام بارش کی وجہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کریں گے، بعد میں صدر قوم سے خطاب کریں گے، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہ، اراکین پارلیمان، سفارتی نمائندے اور سینیئر حکام تقریب میں شریک ہوں گے۔ چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ یوم آزادی کی قومی تقریبات میں شرکت کے لئے خاص طور پر اسلام آباد پہنچے ہیں، اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے بچے ملی نغمے پیش کریں گے، تقریب کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور داخلہ کارڈز کے ذریعے ہوگا۔ یوم آزادی کے موقع پر شاہراہ دستور پر واقع ایوان صدر، پارلیمنٹ ہائوس، سپریم کورٹ، وزیراعظم آفس، پاک سیکرٹریٹ اور دیگر عمارتوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کو بھی کھول دیا گیا ہے‎۔

قبل ازیں پرچم کشائی کی تقریب 17 سال بعد پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں منعقد کرنے کی چیئرمین سینیٹ کی تجویز سے وزیراعظم نے اتفاق کیا تھا، اس سلسلے میں انتظامات بھی کر لئے گئے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے یہ تقریب حسب سابق کنونشن سینٹر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور ترک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے بھی وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ایئرشو میں حصہ لیں گے۔ تینوں فضائیہ کے طیارے فضا میں بل کھاتے اور مختلف فارمیشنز بنا کر رنگوں کی صورت کرتب دکھا کر شہریوں کو محظوظ کریں گے، ایئر شو آج دوپہر ایک بجے ایف نائن پارک میں ہوگا۔ اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف (آپریشن) ایئر کموڈور احسن رفیق نے اس بڑے ایئر شو کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور ترکی اور سعودی عرب کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ پرچم کشائی کی تقاریب کے ساتھ ساتھ ریلیاں، سیمینار، جلسے جلوس نکالے جائیں گے۔ 14 اگست کو صبح 8 بجکر 58 منٹ پر سائرن بجائے جائیں گے، جس کے بعد ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کرنے کے بعد ٹھیک 9 بجے پرحم کشائی کی تقاریب ہوںگی۔ راولپنڈی میں پرچم کشائی کی سرکاری تقریب آج کمشنر ہائوس، ڈپٹی کمشنر ہائوس، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر ہونگی۔ 14 اگست یوم پاکستان منانے کی تقریبات آج اپنے عروج پر ہیں۔ بازاروں میں سبز ہلالی پرچم کی بھرمار نظر آ رہی ہے اور جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم،بیج، جھنڈیوں اور دیگر مختلف اشیاء کی فروحت کے اسٹالز لگے ہوئے ہیں جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈی سی او آفسز پر لائٹس لگا دی گئیں ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر راولپنڈی کی سٹرکوں پر بینرز آویزاں ہیں، جن پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، فاطمہ جناح، سرسید احمد خان، چوہدری رحمت علی اور دیگر قائدین کی تصاویر پرنٹ ہیں، جبکہ 4 اگست سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر اور ان کے ارشادات پر مبنی بل بورڈ بھی شہر کی اہم شاہراہوں پر نصب کئے گئے ہیں۔ عوام میں بھی جوش و خروش دیدنی تھا، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے علاوہ گھروں کی چھتوں پر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔ جشن آزادی کے سلسلے میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود اتوار کی رات نہ صرف شہر میں جلسے ہوئے بلکہ منچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں شاہرائوں پر کرتب دکھاتے نظر آئے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی۔ راولپنڈی ڈویژن میں یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں سرکاری سطح پر 207 مختلف تقریبات ہورہی ہیں۔ جس میں 14 اگست کو تحصیل سطح سے کر ڈویژن تک پرچم کشائی کی 23 تقریبات بھی شامل ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں ہونے والی تقریبات میں پرچم کشائی کے علاوہ 27 سیمینارز اور دیگر پروگرام، 63 نعت خوانی، تقریری اور ملی نغموں کے پروگرامات، 8 ریلیاں اور واک، 6 مشاعرے اور 76 سپورٹس کے مختلف ایونٹس ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی ضلع میں 50، ضلع اٹک میں 71، ضلع جہلم میں 63 اور ضلع چکوال میں 25 پروگرام ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 661000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش