0
Monday 14 Aug 2017 13:23

نواز شریف کی سرکاری وسائل سے نکالی گئی احتجاجی ریلی قومی اداروں کیخلاف تھی، خورشید شاہ

نواز شریف کی سرکاری وسائل سے نکالی گئی احتجاجی ریلی قومی اداروں کیخلاف تھی، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں نکالی گئی احتجاجی ریلی پر سرکاری وسائل خرچ کئے گئے اور قومی اداروں کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ قیادت اسلام آباد سے لاہور تک جانے والی ریلی پر 40 سے 50 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، نواز شریف کو مسائل کون سے تھے، سرکاری وسائل سے نکالی گئی احتجاجی ریلی اداروں کے خلاف تھی اور ان کا انقلاب نواز بچاؤ انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کر رہے تھے تو نواز شریف نے ہماری مخالفت کی، کیونکہ ان کے ذہن میں سازش تھی، وہ سوچ رہے تھے کہ ان شقوں کو میمو اسکینڈل میں آصف زرداری پر لگائیں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جب عدلیہ نے بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کو نااہل قرار دیا، تو اس وقت نواز شریف، شہباز شریف نے پورا کردار ادا کیا، یوسف رضا گیلانی کو سزا ہوئی تو کہا گیا، اسی وقت نکل جاؤ یہ انسانوں کی بستی ہے حیوانوں کی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف بتائیں جو اس وقت کہا تھا وہ ٹھیک تھا یا آج جو کہہ رہے ہیں یہ ٹھیک ہے، 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو آج جب عدلیہ نے نااہل قرار دیا، تو انہیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ والے اب آئین کے خلاف ہوگئے ہیں اور آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کے درپے ہیں، لیکن سب کچھ جل جائے ہم آئین کو جلنے نہیں دیں گے، اور آرٹیکل 62 اور 63 کے حوالے سے نئے مینڈیٹ کے ذریعے بننے والی نئی اسمبلی فیصلہ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 661136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش