QR CodeQR Code

جامعہ نعیمہ سے لاہور پریس کلب تک استحکام پاکستان موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد

پاکستان کو عظیم تر مملکت بنانے کیلئے’’قومی اتحاد‘‘ کو فروغ دینا ہوگا، راغب نعیمی

15 Aug 2017 13:13

استحکام پاکستان موٹر سائیکل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ آزادی کے نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات کے تحت ہم ایمان، یقین، اتحاد کیساتھ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو عظیم تر مملکت بنانے کیلئے’’قومی اتحاد‘‘ کو فروغ دینا ہوگا، تحریک آزادی پاکستان میں علماء اہل سنت نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، مدارس اہلسنت پاکستان کے اسلامی تشخص پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام جشن آزادی کے حوالے سے نکالی گئی ’’استحکام پاکستان موٹر سائیکل ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا آغاز جامعہ نعیمیہ میں تقریب پرچم کشائی کے بعد گڑھی شاہو سے ہوا جو کہ ریلوے سٹیشن، لاری اڈا، آزادی چوک، داتا دربار ناصر باغ، مال روڈ سے ہوتے ہوئے لاہور پریس کلب کے مقام پر ختم ہوئی۔ ریلی سے مفتی انتخاب احمد نوری، پروفیسر عبدالستار شاکر، پیر سید شہباز احمد سیفی و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ مولانا محبوب احمد چشی، ڈاکٹر محمد سلیمان قادری، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا غلام مرتضیٰ، مفتی محمد ہاشم رضوی سمیت ریلی میں نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے عہدیداران، کارکنان، جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، طلبہ، بزم نعیمیہ کے ذمہ داران سمیت عامۃ الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے مزید کہا کہ آزادی کے نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات کے تحت ہم ایمان، یقین، اتحاد کیساتھ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پروفیسر عبدالستار شاکر نے شرکاء سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو تعمیر وطن کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ روشن پاکستان کے قیام کیلئے ہمیں اتحاد و اتفاق کے درس کے عام کرنا ہوگا۔ سید شہباز احمد سیفی نے کہا کہ آزادی کی قدر کرنیوالی قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہے ہمیں قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کو عملی تعبیر دینی ہے۔ ریلی کے اختتام پر اسلام کی سربلندی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔


خبر کا کوڈ: 661421

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/661421/پاکستان-کو-عظیم-تر-مملکت-بنانے-کیلئے-قومی-اتحاد-فروغ-دینا-ہوگا-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org