0
Wednesday 16 Aug 2017 12:04
بنیادی سہولیات نہ ہونے کیوجہ سے زائرین کو سخت مشکلات کا سامنا

زائرین کا تفتان میں آر سی ڈی شاہراہ پر احتجاج، واپسی 15 دنوں سے تاخیر کا شکار

زائرین کا تفتان میں آر سی ڈی شاہراہ پر احتجاج، واپسی 15 دنوں سے تاخیر کا شکار
اسلام ٹائمز۔ ایران سے واپس آنیوالے پاکستانی زائرین نے تفتان میں احتجاج کرتے ہوئے آر سی ڈی شاہراہ کو بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم گذشتہ 15 دنوں سے تفتان میں پڑے ہوئے ہیں اور سکیورٹی کانوائے کی تاخیر کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفتان میں ہر قسم کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور کھانے پینے کی اشیاء بھی ختم ہوگئی ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر انکی کوئٹہ واپسی کو جلد از جلد ممکن نہیں بنایا گیا، تو آر سی ڈی شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک بند کر دینگے۔ یاد رہے اس وقت پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں تین ہزار سے زائد زائرین پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر تفتان ظفر کبدانی نے کہا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ہم زائرین کو کوئٹہ کیجانب روانہ کر دینگے۔ جب تک حکومت اور حساس اداروں کیجانب سے سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملتی، ہم زائرین کو روانہ نہیں کرسکتے۔ دریں اثناء ایف سی بلوچستان کے حکام نے کہا ہے کہ بلوچستان میں متعدد خودکش حملہ آوروں کے داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صوبے بھر میں 14 اگست کی تقاریب کیوجہ سے سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کی وجہ سے زائرین کی کوئٹہ واپسی کو ممکن نہیں بنایا جاسکا۔ انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند روز میں تفتان میں پھنسے ہزاروں زائرین کو سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد کوئٹہ کیجانب لایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 661679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش