0
Wednesday 16 Aug 2017 19:35

سندھ ہائیکورٹ کا نیب کو صوبے میں کام جاری رکھنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا نیب کو صوبے میں کام جاری رکھنے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے نیب کو صوبے میں کام جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کرپشن کیسز میں ملوث ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری افسران کی فہرست طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں نیب قوانین کی منسوخی کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے آئندہ سماعت تک نیب کو سندھ میں بھی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب انکوائریوں کا سامنا کرنے والے ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری افسران کی فہرست طلب کرلی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سندھ حکومت محکموں کو خط لکھ رہی ہے کہ اب نیب کے ساتھ تعاون نہیں کیا جائے۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل وقاص ڈار نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت کے قانون سے ہمارا کام متاثر ہو رہا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت کے قوانین کا اطلاق اب سندھ پر نہیں ہو سکتا۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا خصوصی عدالتوں کو تالا لگا دیں؟ نارکوٹکس اور دیگر عدالتیں بند کر دیں؟۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ سندھ میں نیب آرڈیننس منسوخ کا معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر التواء ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں جائے گا؟، جس پر ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے مابین تنازعہ ہو تو معاملہ سپریم کورٹ جاتا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر ہونے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسی کوئی اطلاع نہیں۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل وقاص ڈار نے بھی کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ سے اس حوالے سے کوئی کاپی نہیں ملی ہے۔ عدالت نے درخواستوں کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے عارف علوی، سول سوسائٹی اور دیگر کی درخواستوں پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ بھر میں احتساب آرڈیننس 1999ء کا اطلاق ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبائی محکمہ قانون کی جانب سے آرڈیننس ختم کرنے سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے، نئے قانون کے تحت نیب صوبے کے ماتحت اداروں میں کارروائی کے استحقاق نہیں رکھے گا اور نیب کے تحت کی جانے والی کارروائیاں، تحقیقات اور تفتیش سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو منتقل ہو جائیں گی، دوسری جانب سندھ میں اپوزیشن جماعتوں ایم کیو ایم، تحریک انصاف، فنکشنل لیگ کیجانب سے نیب قوانین کے خاتمے سے متعلق حکومتی قانون سازی کو کالعدم قرار دینے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جا چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 661802
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش