0
Wednesday 16 Aug 2017 13:55

اسرائیل کیخلاف حزب اللہ کی فتح کی سالگرہ پر ایرانی حکام کیجانب سے مبارکباد کے پیغامات

اسرائیل کیخلاف حزب اللہ کی فتح کی سالگرہ پر ایرانی حکام کیجانب سے مبارکباد کے پیغامات
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات اور بیان میں لبنان کی تنیتیس روزہ جنگ میں اسرائیل پر حزب اللہ کی فتح کی سالگرہ کی مناسبت سے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری اور حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نیز لبنانی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے لبنانی ہم منصب کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ بلاشبہہ یہ قابل فخر کامیابی جو خداوند عالم کے لطف و کرم، لبنانی عوام و حکام کے اتحاد اور حزب اللہ کے جوانوں کی شجاعت و بہادری اور فداکاری کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے، امت اسلامیہ کی سربلندی و افتخار کا با‏عث اور غاصب صیہونی حکومت کی مایوسی کا سبب بنی ہے۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے نام بھی اپنے تہنیتی پیغام میں ان کی دانشمندانہ اسٹریٹیجی اور حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے جانبازوں اور جیالوں کی فداکاریوں سے نصیب ہوئی ہے۔

اسلامی جمہوری ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے بھی لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے وحدت بخش کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کی حالیہ کامیابیاں داعش کی نابودی کی خوشخبری سنا رہی ہیں۔ انہوں نے العہد نیوز ویب سائٹ سے گفتگو کے دوران تینتیس روزہ جنگ میں لبنانی عوام، حکومت اور حزب اللہ کی کامیابی کی گیارہویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار چھے میں اسلامی مزاحمتی تحریک نے اپنے جوانوں کے ایمان اور جذبہ شہادت پر بھروسہ کرکے صیہونی حکومت کی فوج کے ناقابل شکست ہونے کے جھوٹے بھرم کو خاک میں ملا دیا اور ثابت کر دیا کہ امت اسلامیہ جب بھی ارادہ کرے گی، وہ ایمان اور جہاد کی مدد سے دنیا کی سب سے زیادہ طاقتور فوج کو بھی شکست دے سکتی ہے۔

ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ دو ہزار چھے کی تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ کی کامیابی سے فلسطینی گروہوں خاص طور پر غزہ میں فلسطینیوں کو بہت زیادہ حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے شام میں دہشت گردوں کی شکست میں حزب اللہ کے کردار کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام اور عرب دنیا میں حزب اللہ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے صیہونی حکومت اور اس کے ایجنٹوں کو سیخ پا کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مزاحمتی تحریکوں اور ان ممالک کی بھرپور حمایت کرے گا، جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہیں۔
خبر کا کوڈ : 661860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش