0
Friday 18 Aug 2017 00:00

چوہدری نثار کو سردار یعقوب ناصر کو مسلم لیگ کا قائم مقام صدر بنانے پر اعتراض

چوہدری نثار کو سردار یعقوب ناصر کو مسلم لیگ کا قائم مقام صدر بنانے پر اعتراض
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان تعلقات میں دوریاں گہری ہوتی جا رہی ہیں جبکہ سابق وزیر داخلہ نے سردار یعقوب ناصر کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر بنانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں چوہدری نثار علی خان نے سردار یعقوب ناصر کو قائم مقام صدر بنانے پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردار یعقوب ناصر کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر بنانے کا فیصلہ لاہور میں ہی کرنا تھا تو پھر پارٹی اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی۔

چوہدری نثار نے ایک بار پھر شکوہ کیا کہ میاں نواز شریف نے میری بات نہیں مانی، کہتا رہا کہ اداروں سے لڑائی نہ لڑیں، ایک مرتبہ پھر پارٹی معاملات پر اعتماد میں نہیں لیا گیا بلکہ پارٹی صدارت کا میڈیا پر پہلے ہی اعلان کر دیا گیا۔ دوسری جانب اجلاس میں وزیر دفاع خرم دستگیرنے کہا کہ چوہدری نثارعلی ہمارے سینئر ہیں اور ان کی باتیں سنی جانی چاہیئں جب کہ ہمارے ہاں تاثر یہی تھا کہ آپ کی باتیں سنی جا رہی ہیں جب کہ وزیر ریلوے سعد رفیق نے بھی چوہدری نثار کے بیان کی حمایت کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق، سینیٹر راجہ ظفر الحق کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ نے سردار یعقوب خان ناصر کی بطور قائم مقام پارٹی صدر تقرری کی منظوری دی گئی، ذرائع کے مطابق پارٹی کے مستقل صدر کا انتخاب 7 ستمبر کو جنرل کونسل کے اجلاس میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اعتراض کیا کہ اجلاس سے قبل قائم مقام صدر کے نام کا اعلان کیوں کیاگ یا؟ فیصلہ لاہور میں بیٹھ کر کرنا تھا تو اجلاس کی کیا ضرورت تھی؟ کیا مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس صرف نام کی توثیق کے لیے بلایا گیا۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی قائد کا درجہ دیتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ نواز شریف مقبول جماعت کے قائد ہیں، پارٹی قائدانہ کردار پر نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ نواز شریف کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی اور جماعتی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ نواز شریف نے اقتدار کے بجائے اقدار کے اصولوں کی پاسداری کی، وہ جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حق حکمرانی کی تحریک جاری رکھیں گے۔ 70 سال سے عوام مینڈیٹ کی بے توقیری کے خاتمہ کے لیے جو قائد اقدام اٹھائیں گے پارٹی ان کا ساتھ دے گی۔
خبر کا کوڈ : 662112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش