QR CodeQR Code

مولانا الطاف ندوی کیخلاف قتل کی دھمکی دینا ناقابل برداشت ہے، مشترکہ مزاحمتی قیادت

19 Aug 2017 11:06

مشترکہ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ اختلاف رائے کرنا ہر ایک کا حق ہے، مگر اختلاف رائے رکھنے کی بنیاد پر اُن کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینا کسی بڑی سازش کا ہی نتیجہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مشترکہ مزاحمتی قائدین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے مولانا الطاف حسین ندوی کو فیس بُک پر ملی قتل کرنے کی دھمکی پر انتہائی اور گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا الطاف حسین ندوی علماء حق کے سرخیلوں میں سے ہیں اور تحریک آزادی اور اسلام کے بے لوث سپاہی ہیں۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی اسلام کی اشاعت اور پھیلاؤ کے لیے رضاکارانہ طور وقف کی ہے، وہ ایک معروف کالم نویس بھی ہیں۔ کشمیر کے حالات اور مسلکی منافرت پھیلانے والوں پر دردانگیز مقالے بھی لکھتے رہے ہیں۔

مشترکہ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ اختلاف رائے کرنا ہر ایک کا حق ہے، مگر اختلاف رائے رکھنے کی بنیاد پر اُن کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینا کسی بڑی سازش کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ندوی کو اس طرح کی دھمکیاں دینا کسی بھی طور مسلمان کا کام نہیں ہوسکتا ہے، بلکہ ایسی دھمکیاں کسی دشمن ہی کی طرف سے دی جاسکتی ہیں، جو تحریک آزادی اور اسلام کی آڑ میں ایسے گھناؤنے منصوبے انجام دینے کی تاک میں ہوں۔

اس دوران میں مشترکہ مزاحمتی قیادت نے سیاسی قیدیوں کی حالت زار اور ان کی غیر قانونی اور غیر انسانی نظربندی کو طول دینے کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظالمانہ اور بے رحمانہ پالیسیاں صرف اور صرف انتقامی گیری ہے، جس کے تحت یہاں کے سیاسی راہنماؤں اور نوجوانوں کو ریاست میں ہی نہیں، بلکہ ریاست سے باہر کی جیلوں میں قید کرکے رکھا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 662359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/662359/مولانا-الطاف-ندوی-کیخلاف-قتل-کی-دھمکی-دینا-ناقابل-برداشت-ہے-مشترکہ-مزاحمتی-قیادت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org