QR CodeQR Code

پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کا مقصد حصول اقتدار ہے، دونوں کے پاس قومی ترقی و خوشحالی کا کوئی ایجنڈا نہیں، عبدالرزاق ڈھلوں

19 Aug 2017 14:12

سرگودہا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایم ایل این کے رہنماء کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین ان کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، مسلم لیگ (ن) مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ کے شاہینوں کی مثبت انداز میں رہنمائی کر کے اُنھیں پاکستان کا مفید شہری بنائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) سرگودہا کے رہنماء اور رکن پنجاب اسمبلی عبدالرزاق ڈھلوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے موجودہ چار سالہ دور میں اعلٰی کارکردگی کے ذریعے اپنی سیاسی بصیرت اور فہم و فراست کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس کی بناء پر مسلم لیگ (ن) کا مورال بہت بلند ہے، میاں نواز شریف امت مسلمہ کے ایک ایسے لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں، جو مسلم امہ کو دنیا کی بڑی قوت بنانا چاہتے ہیں۔ سرگودہا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایم ایل این کے رہنماء کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین ان کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں جماعتیں صرف حصول اقتدار کیلئے کوشاں ہیں، دونوں کے پاس قومی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا روشن اور تابناک مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، مسلم لیگ (ن) مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ کے شاہینوں کی مثبت انداز میں رہنمائی کر کے اُنھیں پاکستان کا مفید شہری بنائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرے گی،تحریک پاکستان کے دوران نوجوانوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کا خواب پورا کیا اور اب نواز شریف کی قیادت میں استحکامِ پاکستان کا خواب پورا کرینگے، نوجوان منفی سرگرمیوں کا حصہ بننے کی بجائے اپنے اندر مثبت اور تعمیری سوچ پیدا کریں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔


خبر کا کوڈ: 662462

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/662462/پی-ٹی-آئی-اور-پیپلزپارٹی-کا-مقصد-حصول-اقتدار-ہے-دونوں-کے-پاس-قومی-ترقی-خوشحالی-کوئی-ایجنڈا-نہیں-عبدالرزاق-ڈھلوں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org