0
Saturday 19 Aug 2017 20:42
2018ء میرا پہلا جبکہ عمران خان کا آخری الیکشن ہو گا

میاں صاحب آپ فسادی اور سازشی ہو سکتے ہیں انقلابی نہیں، بلاول بھٹو زرداری

نواز شریف نے بینظیر بھٹو شہید کی حکومت گرانے کیلئے اسامہ بن لادن سے بھی پیسے لئے
میاں صاحب آپ فسادی اور سازشی ہو سکتے ہیں انقلابی نہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رکھا اور ترقی کے نام پر منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے۔ مانسہرہ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آپ نے پچھلے دنوں جی ٹی روڈ پر تماشا دیکھا ہو گا اور میاں صاحب کا چیخنا چلانا بھی دیکھا ہو گا، جب کہ آج کل میاں صاحب، انقلاب، ووٹ کی حرمت اور آئین کی بات کر رہےہیں، اپنی تقرریوں میں لوگوں سے وعدے کروا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، اپنا کتنا بھی چیخ لیں عوام آپ کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، کیونکہ آپ معصوم نہیں مجرم ہو اور آپ نے اس ملک کی دولت کو لوٹا ہے جب کہ آپ نے جھوٹ بولا اور جعلسازی کی، پھر بھی کہتے ہو آپ کو کیوں نکالا گیا؟ چیرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ انقلاب کا لفظ میاں صاحب کے منہ سے اچھا نہیں لگتا کیوں کہ میاں صاحب آپ فسادی اور سازشی ہو سکتے ہیں انقلابی نہیں۔ چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی دہشت گردوں کے خلاف بات نہیں کی ہے، جبکہ وہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرنے سے بھی ڈرتے ہیں۔ عمران خان ہر روز نیا جھوٹ بولتا ہے، عمران خان نے جھوٹ بولا تھا کہ 1 لاکھ بچے نجی اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی سیاست کےلئے لوگوں کو استعمال کرتے ہو جبکہ انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان نے کبھی انقلاب کے بارے میں پڑھا بھی ہے؟ پی پی پی سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران نے کبھی آئی ڈی پیز کے بارے میں بات نہیں کی؟ عمران خان نے تعلیمی بجٹ میں 1 مدرسے کو کروڑوں روپے دیئے۔

بلاول بھٹو کا پر اعتماد لہجے میں کہنا تھا کہ 2018ء میرا پہلا جبکہ عمران خان کا آخری الیکشن ہو گا۔ (ن) لیگ پر گر جتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ترقی کے نام پر اربوں روپے منصوبوں پر خرچ کئے اور ملک میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رکھا، جبکہ (ن) لیگ کی معاشی پالیسیوں سے غریب غریب سے غریب تر ہوتا گیا۔ نواز شریف کے ماضی کے بارے میں انہوں نے کہا اس نے بینظیر بھٹو شہید کی حکومت گرانے کےلئے اسامہ بن لادن سے بھی پیسے لئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کو ملک کی فکر نہیں، ان دونوں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ نظریہ ہے۔ پی پی پی کے نظریئے پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت غریبوں اور کسانوں کی طاقت پر یقین رکھتی ہے، جبکہ اقتدار بھی اپنے لئے نہیں غریبوں کےلئےحاصل کرنا چاہتی ہے۔ ہماری جماعت نے عوامی مسائل کو حل کیا، ہمارا منشور مزدور اور کسان دوست منشور ہے۔ انہوں نے انتخابی وعدے کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع دیں گے۔ ہزارہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ضلع تھا اور اسے پیپلز پارٹی نے ڈویژن کا درجہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر شہر کو ترقی کے مواقع ملنے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 662571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش