QR CodeQR Code

سی پیک سے فائدہ اٹھانے کیلئے ٹیکنیکل لوگوں کی ضرورت ہوگی، جام کمال خان

20 Aug 2017 10:13

بلوچستان کے علاقے بیلہ میں قبائلی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل کا کہنا تھا کہ ہمارا ضلع لسبیلہ بین الاقوامی شہر کراچی سے قریب ہونیکے باوجود لسبیلہ کے لوگ اعلٰی تعلیم حاصل نہیں کرسکے۔ لسبیلہ کے لوگ اپنے نوجوانوں کو فنی تعلیم دلانے پر توجہ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے بڑوں کے نقش قدم پر چلتی ہیں، وہ قومیں ہمیشہ کامیاب ہوتی ہیں۔ اللہ تعالٰی نے ایک نظام بنایا ہے کہ لوگوں کی پہچان ان کی قوموں سے ہوتی ہیں اور وہی لوگ اچھے انسان کہلاتے ہیں، جن کا کردار اور اخلاق اچھا ہو۔ ضلع لسبیلہ وسائل سے مالا مال ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ یہاں پر غربت ہے، لیکن میں کہتا ہوں کہ لسبیلہ میں غربت نہیں ہے، لسبیلہ وہ واحد ضلع ہے، جہاں پر ساحل اور وسائل دونوں ہیں۔ 20 سال قبل دوسرے علاقوں کے لوگ نقل مکانی کرکے لسبیلہ میں روزگار کرتے تھے، لیکن لسبیلہ کے لوگوں نے اپنے وسائل سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔ ہمارا ضلع لسبیلہ بین الاقوامی شہر کراچی سے قریب ہونے کے باوجود لسبیلہ کے لوگ اعلٰی تعلیم حاصل نہیں کر سکے۔ آنے والا دور ایک جید دور ہوگا اور سی پیک جیسا بڑا منصوبہ بن رہا ہے۔ جس میں ٹیکنیکل لوگوں کی ضرورت ہے، اس کے لئے ہمیں پہلے ہی تیاری کرنی چاہئے۔ لسبیلہ کے لوگ اپنے نوجوانوں کو فنی تعلیم دلانے پر توجہ دیں۔ آج ہمیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی دارالحکومت اور مرکز میں لسبیلہ کا کوئی بھی افسر نہیں ہے۔ جس کے لئے ہم سب کو جدوجہد کرنی پڑے گی اور اپنے بچوں کو اعلٰی تعلیم دلانے کی کوشش کرنی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 662669

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/662669/سی-پیک-سے-فائدہ-اٹھانے-کیلئے-ٹیکنیکل-لوگوں-کی-ضرورت-ہوگی-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org