0
Sunday 20 Aug 2017 12:40

پنجاب سے آئے ہوئے ڈاکٹروں کو ڈینگی کے مریضوں کا علاج کرنے سے روک دیا گیا

پنجاب سے آئے ہوئے ڈاکٹروں کو ڈینگی کے مریضوں کا علاج کرنے سے روک دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے نفرت اور بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب سے آئے ہوئے ڈاکٹروں کو ڈینگی کے مریضوں کا علاج کرنے سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم خود ڈینگی پر قابو پالیں گے آپ کی ضرورت نہیں۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے ڈینگی سے متاثرہ عوام نے پرویز خٹک اور عمران خان کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے پنجاب کے وزیراعلٰی شہباز شریف سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے پنجاب سے ڈاکٹر بھیجیں، جس کے بعد شہباز شریف کی جانب سے فوری طور پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں خیبر پختونخوا روانہ کی گئیں، لیکن خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے اس نازک موقع پر بھی اختلافات کا خاص خیال رکھا اور پنجاب کے ڈاکٹرز کی خدمات لینے سے انکار کر دیا۔ پنجاب کے ڈاکٹرز نے خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں کی بجائے ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں پرائیویٹ طور پر کیمپ لگا کر لوگوں کا مفت علاج شروع کر دیا ہے، جہاں مریضوں کو دوائیاں بھی مفت دی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ خان صاحب اس دوران سیر و سیاحت کے لئے صوبے سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لئے بلینک چیک دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو ڈینگی وباء سے نجات دلانے کے لئے جس قسم کے وسائل کی ضرورت ہو مہیا کئے جائیں گے، پنجاب کی حکومت اور عوام خیبر پختونخوا کے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول اور سینیئر انٹامالوجسٹ پر مشتمل ایک ٹیم پہلے ہی پشاور روانہ کر دی ہیں۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت پنجاب اپنے کے پی کے بھائیوں کی مشکل وقت میں بھرپور مدد کریگی۔
خبر کا کوڈ : 662748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش