QR CodeQR Code

پختونخوا حکومت کا تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ

21 Aug 2017 12:53

وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں ڈائریکٹر جنرل انٹی نارکوٹکس فورس کے میجر جنرل سے گفتگو میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہا علٰی تعلیمی اداروں میں منشیات کی سمگلنگ اور اسکے استعمال کو روکنے کیلئے دیرپا اقدامات ناگزیر ہیں، اس مقصد کیلئے آرمی اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، جو اعلٰی تعلیمی اداروں میں چھاپے ماریں گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ اعلٰی تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے آرمی اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے پجگی روڈ پر واقع منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے سنٹر کو آرمی کے حوالے کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں ڈائریکٹر جنرل انٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اعلٰی تعلیمی اداروں میں منشیات کی سمگلنگ اور اس کے استعمال کو روکنے کیلئے دیرپا اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس مقصد کیلئے آرمی اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، جو اعلٰی تعلیمی اداروں میں چھاپے ماریں گی۔ ان ٹیموں کے باقاعدہ اجلاس ہوں گے اور باہمی کوآرڈنیشن یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے منشیات کے عادی افراد کی آباد کاری و بحالی کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں بھی اہتمام کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک کار خیر ہے، جس پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔ مجوزہ ٹیموں کی تشکیل کیلئے وزیراعلٰی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے بھی بات کی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ہمارا کام پالیسی بنانا، قانون سازی کرنا اور قابل عمل سسٹم دینا ہے، اسی کیلئے ہم کھڑے ہیں، ہم نے راستے بنائے اور خدمات کی فراہمی کا عمل شروع کیا، جس کے اثرات ہر سطح پر واضح ہیں۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے وضع کردہ اس سسٹم کا تسلسل قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے، ایک شفاف اور منصفانہ نظام کے بغیر ترقی کا تصور بھی ناممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 663008

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/663008/پختونخوا-حکومت-کا-تعلیمی-اداروں-میں-انسداد-منشیات-کی-ٹیمیں-تشکیل-دینے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org