0
Monday 21 Aug 2017 14:04

اے این پی (ولی) آئندہ چند روز میں عوامی نیشنل پارٹی میں ضم ہو جائیگی، اسفندیار ولی

اے این پی (ولی) آئندہ چند روز میں عوامی نیشنل پارٹی میں ضم ہو جائیگی، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 2018ء میں ہونے والے انتخابات کیلئے اختلافات ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈینگی آیا ہے، کیا عمران خان کی تبدیلی یہی ہے؟ شہباز شریف نے ڈینگی سے نمٹنے کے لئے ماہرین خیبر پختونخوا بھجوائے لیکن افسوس کی بات ہے کہ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے ان پر ہسپتالوں کے دروازے بند کر دیئے، ماہرین کھلے آسمان تلے ٹینٹ لگواکر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع یار حسین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی (ولی) آئندہ چند روز میں اے این پی میں ضم ہو جائیگی، انضمام کے حوالے سے معاہدے پر دستحط ہوچکے ہیں، انضمام کا فیصلہ گذشتہ جمعہ کے روز پریس کانفرنس میں ہو رہا تھا لیکن بیگم نسیم ولی خان کی ہمشیرہ کی وفات پر پریس کانفرنس موخر کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں پختون قوم کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، اس لئے ہم نے اپنے ہی خاندان سے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آرٹیکل 62، 63 میں ترمیم کے حوالے سے میاں نواز شریف سے بات چیت کی تھی، ان پر واضح کیا تھا کہ ضیاء الحق نے اس آرٹیکل میں جو ترامیم کی ہیں، وہ شق نکال کر اس آرٹیکل کی اصل شکل بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں میاں نواز شریف کی نااہلی کا جو فیصلہ کیا تھا، ہم نے جمہوریت کی خاطر اس فیصلے کو مان لیا ہے، اگرچہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہمیں تحفظات ہیں۔ انہوں نے ملک کی تمام سیاسی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ خدارا وہ اس حوالے سے پارلیمنٹ کے اندر بیٹھ کر اپنے تمام سیاسی معاملات اور جنگیں حل کریں، تاکہ کسی کو آئندہ منتخب حکومت ختم کرنے کا موقع نہ مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 663034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش