0
Tuesday 19 Apr 2011 15:20

بلوچستان،بارودی سرنگ اور فائرنگ کے واقعات 2 اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق

بلوچستان،بارودی سرنگ اور فائرنگ کے واقعات 2 اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے جبکہ تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ چمالنگ کے علاقہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے تخریب کاری کی غرض سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ کے پھٹنے سے مری سکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار بیڑا اور بلاول شہید ہو گئے۔ دونوں کوہلو کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ لیویز کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بارکھان کے علاقے لاکھی بر میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں سوئے ہوئے مزدوروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجہ میں محمد بخش اور سجاد احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ اللہ بخش، عبدالمجید، رب نواز، ملا محمد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق سندھ کے شہر سکھر سے بتایا جاتا ہے۔ آئی این پی کے مطابق فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ 
ادھر کوئٹہ کے علاقے نیو الگیلانی روڈ پر کار میں نصب بم کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نیو الگیلانی روڈ پر غیرسرکاری تنظیم کے دفتر کے قریب کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں راہگیر حاجی مسعود اور ایک خاتون بخت بی بی زخمی ہو گئے۔ جبکہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جائے وقوع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ سی سی پی او کوئٹہ داؤد جونیجو نے بتایا کہ نیو الگیلانی روڈ پر کار بم دھماکہ بظاہر ایسے لگتا ہے این جی او کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تحقیقات کی جارہی ہیں تمام حقائق کو سامنے لائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 66351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش