0
Wednesday 23 Aug 2017 14:08

تنظیم مشائخ عظام کا نصاب میں تبدیلی کیخلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ

تنظیم مشائخ عظام کا نصاب میں تبدیلی کیخلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیراہتمام پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے نصاب سے اسلامی و تاریخی مضامین نکالے جانے کیخلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مرکزی سیکرٹریٹ پر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن صوفی مسعود احمد صدیقی کی قیادت میں علماء و مشائخ سمیت سینکڑوں کمیونٹی ورکرز نے نصاب سے دین اسلام، مشاہیران اسلام، افواج پاکستان اور تاریخی مضامین کو نکالنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہاکہ نصاب سے اسلامی مضامین نکال کر غیروں کے ایجنڈے کی تکمیل کی جا رہی ہے، حضور نبی کریم ؐ، حضرت خدیجہؓ، مکہ معظمہ اور مدینہ شریف، حضرت علیؑ سمیت دیگر اسلامی مضامین و تصاویر خارج کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔

صاحبزادہ پیر شبیر صدیقی نے کہا کہ ایسی گھناؤنی سازش پر حکومتی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ احمد ندیم شاہ نے کہا کہ اس سازش کا مقصد آنیوالی نسلوں کو غیر ملکی ایجنڈے پر کاربند کرنا ہے۔ پیر عدنان اکرم نے کہاکہ پاکستان کی بنیاد کلمہ حق ہے اور یہاں نصاب بھی اسی بنیاد پر ہوگا۔ پیر الطاف حسین نے کہاکہ یہ احتجاج اب رکنے والا نہیں جب تک حکومت وقت اس سازش پر فوری نوٹس نہ لے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ پیر راشد نقشبندی نے کہا کہ ایسی گھناونی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ افتخار احمد نے کہا کہ نصاب میں تبدیلی کرنیوالے عذاب الہٰی کو دعوت دے رہے ہیں، ایسی گھناونی سازش کرنیوالے غدار عناصر کیخلاف فی الفور کارروائی کی جائے، نصاب میں تبدیلی کے معاملے پر تنظیم کے زیراہتمام لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرہ، شیخوپورہ، سرگودھا سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور جب تک نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا مزید شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 663576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش