QR CodeQR Code

ہمیں امریکا سے کسی بھی مالی یا عسکری امداد کی ضرورت نہیں بلکہ ہم اپنی خدمات کا اعتراف چاہتے ہیں، آرمی چیف

24 Aug 2017 11:15

ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سفیر پر زور دیا کہ ہم نے افغانستان میں قیام امن کیلیے بہت کچھ کیا ہے اور کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنے قومی مفاد و قومی پالیسی کے مطابق جب کہ آئندہ بھی اس سلسلے میں مزید اقدام کرتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی اور نئی امریکی پالیسی سے متعلق آگاہ کیا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی قدر کرتا ہے اور افغان مسئلے کے حل کے لیے پاکستان سے تعاون کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سفیر پر زور دیا کہ ہم امریکا سے کسی بھی مالی یا عسکری امداد نہیں بلکہ اس کا اعتماد، مفاہمت اور اپنی قربانیوں کا اعتراف چاہتے ہیں۔ افغانستان میں امن کا قیام پاکستان کے لیے بھی اتنا ہی اہم ہے، جتنا دوسرے کسی اور ملک کیلئے اہمیت رکھتا ہے، ہم نے افغانستان میں قیام امن کیلیے بہت کچھ کیا ہے اور کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنے قومی مفاد و قومی پالیسی کے مطابق جب کہ آئندہ بھی اس سلسلے میں مزید اقدام کرتے رہیں گے۔ سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے بھی بہت اہم ہے تاہم ہمارے کردار اور قربانیوں کو تسلیم کیے جانے کی ضرورت ہے، افغانستان کی طویل ترین جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام فریقین کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کامیابی کی ضمانت ہے۔


خبر کا کوڈ: 663830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/663830/ہمیں-امریکا-سے-کسی-بھی-مالی-یا-عسکری-امداد-کی-ضرورت-نہیں-بلکہ-ہم-اپنی-خدمات-کا-اعتراف-چاہتے-ہیں-ا-رمی-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org