0
Tuesday 19 Apr 2011 15:15

امریکی ایوان نمائندگان کے وفد کی گیلانی،عسکری قیادت سے ملاقاتیں، تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، جان بینر

امریکی ایوان نمائندگان کے وفد کی گیلانی،عسکری قیادت سے ملاقاتیں، تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، جان بینر
 اسلام آباد،پشاور:اسلام ٹائمز۔ امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر جان بینر کی قیادت میں چھ رکنی کانگرس کے وفد نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر اہم سیاسی و عسکری رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں۔ ایوان نمائندگان کے سپیکر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جان بینر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مضبوط تعلقات دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہیں، پاکستانی رہنماﺅں سے ان کی ملاقاتیں بہت مفید رہیں۔ امریکہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد کے لئے انتہائی ضروری ہیں، ہم نے پاکستان کے سول اور فوجی رہنماﺅں سے بلاتکلف اور مفید بات چیت کی۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مسائل درپیش رہے ہیں تاہم ہم نے ان مسائل پر کام کرنے کی اہمیت اور باہمی مفادات اور احترام پر مبنی اپنے اشتراک کار کی تجدید پر بات چیت کی۔ 
بینر نے کہا کہ امریکہ اس بات کا معترف ہے کہ پاکستانی فوج اور اس کے عوام نے حالیہ برسوں کے دوران انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ القاعدہ اور اس کے انتہا پسند ساتھیوں نے پاکستان کو ہدف بنا رکھا ہے اس کے نتیجے میں پاکستانی قوم بُری طرح متاثر ہوئی ہے، ہم پاکستانی فوج کی کوششوں اور فوجیوں اور عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی مہمان نوازی اور دونوں ملکوں کی جانب سے مل کر کام کرنے کے عہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 
وزیراعظم گیلانی کے علاوہ فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی امریکی وفد نے ملاقات کی، دہشت گردی سے متعلق امور خطے میں سکیورٹی صورتحال اور دیگر اہم امور زیر بحث آئے، ملاقات میں قبائلی علاقوں میں جاری جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے ارکان نے کور کمانڈر پشاور کے دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی فورسز کی کارروائیوں پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ملکوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ قصہ پارینہ ہے اور پاکستان امریکہ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کی واشنگٹن روانگی دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی غماز ہے۔

خبر کا کوڈ : 66386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش