QR CodeQR Code

ڈرون حملے فوری بند کئے جائیں، کے پی کے اسمبلی میں قرارداد منظور

19 Apr 2011 19:39

اسلام ٹائمز: صوبائی اسمبلی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کہا جائے کہ ڈرون حملے فی الفور بند کئے جائیں کیونکہ یہ ہمارے ملک کی آزادی اور سالمیت کے خلاف ہیں۔ ڈرون ٹیکنالوجی ہمیں دی جائے تاکہ دھشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کی جاسکے


پشاور:اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے قبائلی علاقوں پر امریکی ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت امریکن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ڈرون حملے فی الفور بند کرانے کے لئے امریکہ پر دباو ڈالا جائے۔ پیر کے روز صوبائی اسمبلی کا اجلاس سپیکر کرامت اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، اس موقع پر سینئر وزیر بشیر احمد بلور نے ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد پیش کی اور کہا کہ صوبائی اسمبلی مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ امریکن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کہا جائے کہ ڈرون حملے فی الفور بند کئے جائیں کیونکہ یہ ہمارے ملک کی آزادی اور سالمیت کے خلاف ہیں۔ ڈرون ٹیکنالوجی ہمیں دی جائے تاکہ دھشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کی جاسکے۔ موجودہ ڈرون حملوں سے ہمارے قبائلی علاقوں میں نفرت بڑھ رہی ہے۔ ڈرون حملوں میں بے گناہ عوام کا قتل عام ہو رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ ق کی خاتون رکن اسمبلی نگہت یاسمین اورکزئی نے بھی قرارداد کی بھرپور حمایت کی۔ پیپلز پارٹی شیرپاو کے محمد علی خان نے کہا کہ قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں ڈرون حملوں کے مخالف ہیں تمام قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ ڈرون حملے ملکی سالمیت کے خلاف ہیں۔ آزاد ملک میں مداخلت کا حق کسی کو حاصل نہیں۔ بعد ازاں صوبائی اسمبلی نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔


خبر کا کوڈ: 66389

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/66389/ڈرون-حملے-فوری-بند-کئے-جائیں-کے-پی-اسمبلی-میں-قرارداد-منظور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org