QR CodeQR Code

ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے پختونخوا حکومت کی سرگرمیاں عروج پر، تعداد 1616 ہوگئی

24 Aug 2017 16:53

صوبائی حکومت نے پشاور میں ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت کو 2 کروڑ روپے جاری کر دیئے، جبکہ آگاہی مہم کیلئے 3 کروڑ روپے الگ سے جاری کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں مزید 69 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس سے ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1600 سے تجاوز کر گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر سے جاری رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے متاثرہ 104 افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باجوڑ ایجنسی اور چارسدہ میں بھی خاتون سمیت 4 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے پشاور میں ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کو 2 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس فنڈ سے مچھر مار سپرے اور دیگر آلات خریدے جائیں گے، جبکہ آگاہی مہم کے لئے 3 کروڑ روپے الگ سے جاری کئے گئے۔ واضح رہے کہ ڈینگی سے متاثرہ پشاور کے علاقوں میں گھر گھر مہم چلانے کے لئے 50 خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ڈینگی کی روک تھام کےلئے صحت رضاکار اور انصاف خدمتگار پروگرام بھی متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی سربراہی میں ڈینگی سے متعلق جائزہ کمیٹی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ پروگرام کے مطابق رضاکار ضلعی حکومت کے تعاؤن سے صوبہ بھر میں صفائی مہم چلائیں گے اور گلی کوچوں سے گند اٹھائیں گے، اس ضمن میں صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ہیلپ لائن قائم کرنے، ڈینگی رسپانس یونٹ فعال کرنے اور بڑے پیمانے پر جراثیم کش مہمات چلانے کا بھی فیصلہ بھی ہوا۔


خبر کا کوڈ: 663892

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/663892/ڈینگی-وائرس-کی-روک-تھام-کیلئے-پختونخوا-حکومت-سرگرمیاں-عروج-پر-تعداد-1616-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org