QR CodeQR Code

آئی جی پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کر دی

25 Aug 2017 10:34

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا کہ عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات بالخصوص نماز عید کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، عید نماز کے تمام بڑے اجتماعات کے مقامات پر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے جہاں مستعد پولیس اہلکار اور رضاکار ڈیوٹی پر مامور کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت آر پی اوز کی ویڈیولنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی نے تمام آر پی اوز کو مویشی منڈیوں اور عید پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا کہ عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات بالخصوص نماز عید کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، عید نماز کے تمام بڑے اجتماعات کے مقامات پر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے جہاں مستعد پولیس اہلکار اور رضاکار ڈیوٹی پر مامور کئے جائیں۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی محسن حسن بٹ، اعجاز شاہ، اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی عامر ذوالفقار خان، سلمان چودھری، احسان طفیل، اے آئی جی فنانس، غازی صلاح الدین، اطہر وحید اور احسن یونس کے علاوہ سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو نوسربازوں اور لٹیروں کی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مستقل اور عارضی مویشی منڈیوں کے گرد مختلف اوقات میں ناکہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت صرف ان تنظیموں کو دی جائے جنہیں حکومت کی طرف سے منظوری دی گئی ہو اور اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں سمیت کسی بھی ادارے یا تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کرنے دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر تفریحی مقامات اور پارکوں کی سیکورٹی پر بطور خاص توجہ دی جائے کیونکہ تہوار کے موقع پر لوگ بڑی تعداد میں تفریح کیلئے گھروں سے باہر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلروں کیخلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے اور ان کیخلاف کریک ڈاؤن کی شکل میں کارروائیاں کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 664015

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/664015/آئی-جی-پنجاب-نے-عیدالاضحی-کے-موقع-پر-سکیورٹی-سخت-کرنے-کی-ہدایت-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org