QR CodeQR Code

لبنان اور شام کی سرحد پر دہشتگردوں کی مکمل نابودی تک آپریشن جاری رہیگا، سید حسن نصراللہ

25 Aug 2017 18:32

حزب اللہ کے سربراہ نے عرسال کے پہاڑی علاقوں میں جاری آپریشن کے بارے میں کہا کہ اس علاقے میں جبھۃ النصرہ کیساتھ جنگ اور مذاکرات دونوں جاری ہیں، تاہم مذاکرات کے نتیجہ بخش ہونے تک کسی بھی قسم کی جنگ بندی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد بھی شام اور لبنان کے علاقوں میں فوجی آپریشن کو یقینی بنانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے لبنان اور شام کی سرحد پر جاری فوجی آپریشن کی تازہ ترین صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی مکمل نابودی تک فوجی کارروائی جاری رہے گی۔ سید حسن نصراللہ نے شامی فوج اور حزب اللہ کے مشترکہ آپریشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی فوج کے تعاون سے جاری اس آپریشن میں شام اور لبنان کے متعدد سرحدی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے جوانوں نے گذشتہ ہفتے شامی فوج کے تعاون سے لبنان اور شام کی سرحدوں سے داعش کو باہر نکالنے کی غرض سے مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ داعش اس جنگ میں بھی انسانی ڈھال کے استعمال کا دیرینہ حربہ استعمال کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود آپریشن کے نتائج تسلی بخش ہیں اور ملک کے بڑے علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے عرسال کے پہاڑی علاقوں میں جاری آپریشن کے بارے میں کہا کہ اس علاقے میں جبھۃ النصرہ کے ساتھ جنگ اور مذاکرات دونوں جاری ہیں، تاہم مذاکرات کے نتیجہ بخش ہونے تک کسی بھی قسم کی جنگ بندی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد بھی شام اور لبنان کے علاقوں میں فوجی آپریشن کو یقینی بنانا ہے۔ سید حسن نصراللہ نے شام اور لبنان سرحد کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے آپریشن میں شریک تمام مسلح قوتوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ آپریشن کا مقصد داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کو لبنان سے باہر نکالنا اور ملک میں امن قائم کرنا ہے اور ہم اس مقصد میں کافی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے داعش کے سرغنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان اور شام کی بلندیوں پر جنگ میں فتح کے حصول کا حتمی فیصلہ ہم کرچکے ہیں اور ہم اس کامیابی کے حصول کے لئے زیادہ دیر انتظار نہیں کریں گے۔ انہوں نے لبنانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ انتہائی عظیم فتح کے قریب پہنچ گئے ہیں، جس پر آپ کو فخر کرنا چاہیے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ عنقریب ملک کے سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا جائے گا اور آپ اس علاقے میں بے مثال امن کا مشاہدہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 664203

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/664203/لبنان-اور-شام-کی-سرحد-پر-دہشتگردوں-مکمل-نابودی-تک-آپریشن-جاری-رہیگا-سید-حسن-نصراللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org