QR CodeQR Code

افغان طالبان کی قیادت پشاور اور کوئٹہ میں موجود ہے، جنرل جان نکلسن

27 Aug 2017 19:23

افغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی کمانڈر نے کہا کہ افغانستان کے باہر دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا مسئلہ سنگین ہے اور اسے حل کرنا ہوگا، امریکی اور پاکستانی حکومت کے درمیان اس مسئلے کے حل پر بات ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے الزام عائد کیا ہے کہ افغان طالبان کی قیادت پشاور اور کوئٹہ میں موجود ہے، جس سے باخبر ہیں۔ افغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جنرل جان نکلسن کا کہنا تھا کہ افغانستان کے باہر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا مسئلہ سنگین ہے اور اسے حل کرنا ہوگا۔ امریکی کمانڈر نے براہ راست پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی قیادت پشاور اور کوئٹہ میں موجود ہے اور اس سے باخبر ہیں، دہشت گردوں اور باغیوں کی حمایت کو بھی روکنا ہوگا۔ جنرل جان نکلسن نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی حکومت کے درمیان اس مسئلے کے حل پر بات ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 22 اگست کو نئی افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دھمکیاں بھی دی تھیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کا پالیسی اعلان کے موقع پر خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ پاکستان کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ اور دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔ امریکی صدر نے اپنے خطاب میں بھارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں بھارت کے کردار کے معترف ہیں اور چاہتے ہیں کہ بھارت افغانستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 664719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/664719/افغان-طالبان-کی-قیادت-پشاور-اور-کوئٹہ-میں-موجود-ہے-جنرل-جان-نکلسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org