QR CodeQR Code

خیبرایجنسی کے اقوام کا کل طورخم میں ٹرمپ کیخلاف مظاہرے کا اعلان

27 Aug 2017 20:15

جرگہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف پالیسی کے رد عمل میں پورے فاٹا میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کل (پیر کے روز) طورخم بارڈر پر احتجاجی مظاہرے کا اعلا کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق کے زیر انتظام قبائیلی علاقے (فاٹا) خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں قبائلی مشران کا ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی پر شدید تنقید کی گئی۔ لنڈی کوتل جرگہ ہال میں آفریدی، شینواری اور شلمان کے اقوام کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے خلاف خطرناک عزائم کی مذمت کرنے کے لئے منعقدہ جرگے میں قبائلی عمائدین نے فیصلہ کیا کہ قبائلی عوام افواج پاکستان اور حکومت پاکستان کے ساتھ آزمائش کے ہر موقع پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو پاکستان کی طرف میلی آنکھوں سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ قبائلی عوام نے پہلے بھی پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ قبائلی عمائدین نے دھمکی دی کہ اگر امریکہ نے پاکستان کے خلاف کسی بھی حوالے سے جارحیت کی تو ایک کروڑ قبائلی عوام وطن عزیر کے دفاع کے لئے سینہ سپر ہوں گے، انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کریں۔ جرگہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف پالیسی کے رد عمل میں پورے فاٹا میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کل (پیر کے روز) طورخم بارڈر پر احتجاجی مظاہرے کا اعلا کردیا۔ دوسری جانب جمرود میں بھی کوکی خیل، ملاگوری اور ملک دین خیل قبیلوں کے مشران کی جانب سے ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں امریکہ کے خلاف کل احتجاجی ریلی نکالنے اور طورخم بارڈر پر مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جرگہ میں امریکہ کے خلاف کل (پیر کے روز) نکالی جانے والی ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریلی میں ہر قبیلے سے ایک ایک ہزار افراد شرکت کریں گے جبکہ ریلی کے شرکاء بعد میں احتجاج کے لیے طورخم جائے گے جہاں پر امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 664737

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/664737/خیبرایجنسی-کے-اقوام-کا-کل-طورخم-میں-ٹرمپ-کیخلاف-مظاہرے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org