0
Monday 28 Aug 2017 01:07

اصغریہ اسٹوڈنٹس کیجانب سے کراچی میں آئی ایس او کی مردہ باد امریکا ریلی پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی سخت مذمت

اصغریہ اسٹوڈنٹس کیجانب سے کراچی میں آئی ایس او کی مردہ باد امریکا ریلی پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی سخت مذمت
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے کہا ہے کہ کراچی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مردہ باد امریکا ریلی کے محب وطن شرکاء پر پولیس کے لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی ہر باضمیر و باشعور پاکستانی سخت مذمت کرتا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں قمر عباس جتوئی نے کہا کہ ایک جانب عالمی دہشتگرد امریکا مسلسل وطن عزیز پاکستان کی پاک سرزمین کو دہشتگردی کا اڈہ قرار دیتا آرہا ہے، تو دوسری جانب ہمارے نااہل حکمران امریکی غلامی کو اپنا فخر محسوس کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کراچی کے باغیرت شہریوں نے ہماری برادر طلبہ تنظیم آئی ایس او کی مردہ باد امریکا ریلی میں شریک ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرہ بلند کئے، تو انتظامیہ نے امریکی حواریوں کی طرح محبان وطن پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کا استعمال اور فائرنگ کا وحشیانہ استعمال کیا، ہر باضمیر و باشعور پاکستانی اس وحشیانہ عمل کی سخت مذمت کرتا ہے۔

قمر عباس جتوئی نے کہا کہ مردہ باد امریکا ریلی کو نمائش چورنگی پر ہی روکنا، پاکستانی شہریوں کو پاکستان و اسلام دشمن شیطان بزرگ امریکا کے خلاف احتجاج نہ کرنے دینا اور پاکستان میں جاسوسی کے اڈے امریکی قونصل خانے کو تحفظ دینا اس بات کی دلیل ہے کہ حکمران وطن عزیز کے تقدس پر سمجھوتا کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوانوں میں بیٹھے استعمار کے ایجنٹوں کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب محب وطن طلبہ تظیمیں ایک ہیں اور وطن عزیز پاکستان کی حرمت پر کوئی سودا یا غیر ملکی بیان برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلی سے گرفتار ہونے والے محب وطن شہریوں اور تنظیمی ذمہ داران کو رہا کیا جائے اور شرکائے ریلی پر وحشیانہ تشدد کرنے میں ملوث ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس قبل مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے آئی ایس او کے مرکزی صدر سرفراز نقوی سے رابطہ کرکے ان کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 664766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش