0
Monday 28 Aug 2017 18:04

فاٹا میں قبائلی عوام کے امریکہ کیخلاف مظاہرے

فاٹا میں قبائلی عوام کے امریکہ کیخلاف مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ امریکہ کی نئی افغان پالیسی اور امریکی رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات کے خلاف خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیر کو احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مظاہرہ فاٹا کے علاقے پاک افغان سرحد پر واقع خیبر ایجنسی کے شہر لنڈی کوتل میں ہوا، جس میں ہزاروں قبائلیوں نے شرکت کی، مظاہرے میں گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ مظاہرین خیبر ایجنسی کے دیگر علاقوں سے لنڈی کوتل کے مرکزی بازار میں جمع ہوئے، جہاں سے وہ جلوس کی شکل میں سرحدی گزرگاہ طورخم پہنچے اور وہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے کو نذرِ آتش کیا۔ مظاہرین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ پیر کو ایک اور قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں بھی ہزاروں کی تعداد میں قبائلیوں نے امریکہ کے خلاف ایجنسی کے انتظامی ہیڈ کوارٹر خار میں مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکی پرچم نذرِ آتش کیا۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں گذشتہ کئی روز سے امریکہ اور امریکی صدر کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سوموار کو بھی پشاور پریس کلب کے سامنے مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور امریکہ مخالف نعرے لگائے۔ پاکستان میں مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد دفاعِ پاکستان کونسل کے زیرِاہتمام گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی تھی، جس میں کونسل میں شامل تمام جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کو امریکہ کی نئی افغان پالیسی کے خلاف ملک گیر مظاہرے کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ امریکی حکام نے خطے سے متعلق اپنی نئی پالیسی میں پاکستان پر دباؤ بڑھانے اور اس کے خلاف سخت موقف اپنانے کا عندیہ دیا ہے، جس پر پاکستان کے سرکاری اور سیاسی حلقے خاصے برہم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 664964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش