0
Monday 28 Aug 2017 20:34

ضیاء اللہ آفریدی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

ضیاء اللہ آفریدی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ضیاء اللہ آفریدی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضیاء اللہ آفریدی نے باضابطہ طور پر تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اور صوبائی صدر ہمایوں خان بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ضیاء اللہ آفریدی نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ ان دونوں رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر جلد پشاور میں صوبائی احتساب کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔ انہوں نے پرویز خٹک اور مظفر سید کی جانب سے بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر کی مبینہ طور پر غیر قانونی تعیناتی کے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھانے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس صوبے کی حکمراں جماعتوں کی کرپشن کے پختہ ثبوت ہیں، جنہیں وہ جلد میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلٰی نے صرف سیاسی حریفوں کو ہدف بنانے کے لئے احتساب کمیشن تشکیل دیا۔ واضح رہے کہ ضیاء اللہ آفریدی 2013ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہیں خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن نے جولائی 2015ء میں معدنیات کے محکمے میں کرپشن کے متعدد چارجز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں تحریک انصاف نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی، تاہم انہیں اکتوبر 2016ء میں پشاور ہائیکورٹ نے ضمانت پر جیل سے رہا کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 665001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش