0
Tuesday 29 Aug 2017 12:57

پاک سرزمین پارٹی کا مردم شماری کے نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان

پاک سرزمین پارٹی کا مردم شماری کے نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی نے مردم شماری کے نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھر میں لوگ دیہی علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف آرہے ہیں، بلوچستان اور اندرون سندھ سمیت ملک بھر سے لوگ کراچی آکر آباد ہو رہے ہیں، ایک اندازے کے مطابق کراچی میں ملک کے مختلف علاقوں سے ہر سال 10 سے 15 لاکھ لوگ آتے ہیں، 18 سال پہلے کراچی کو 98 لاکھ افراد کا شہر کہا گیا اور اب تو دنیا بھی کہہ رہی ہے کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ سے زیادہ ہے، ہمیں کہیں بھی آبادی بڑھنے سے کوئی اعتراض نہیں، لیکن ہمیں کراچی کی آبادی کو کم دکھانا ناانصافی ہے۔ انیس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہم مردم شماری کے اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہیں، سندھ سے ناانصافی ہوئی تو پاک سرزمین احتجاج کا حق رکھتی ہے، عیدالضحیٰ کے بعد مردم شماری پر تحفظات کے اظہار کیلئے عوام میں جائیں گے، لوگوں میں آگاہی کیلئے ہر پلیٹ فارم استعمال کریں گے، اس سلسلے میں مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔

انیس احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھی اشرافیہ صوبوں کو لڑوانا چاہتی ہے، مردم شماری کے اعداد و شمار سے نفرتیں پیدا ہوں گی، ہم پاکستان مخالف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مردم شماری کی آڑ لے کر فوج کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ پاک فوج پر کوئی سوالیہ نشان آئے، آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ مردم شماری کے معاملے کو دیکھیں، مردم شماری کے صحیح نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔ واضح رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے گزشتہ اجلاس میں مردم شماری کے ابتدائی نتائج پیش کئے گئے تھے، جس کے بعد سندھ حکومت اور ایم کیو ایم نے اسے مسترد کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 665197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش